قائمہ کمیٹی اجلاس،ملک بھر میں پیٹرولیم کی قیمتیں یکساں کیوں ہیں؟ ارکان کا سوال

30 اپریل ، 2025

اسلام آباد ( نامہ نگار) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چئیرمین کمیٹی سید مصطفی محمود کی زیر صدارت ہوا۔ وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے کمیٹی کی سابقہ ​​سفارشات پر عملدرآمد کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ پیٹرولیم ی قیمتیں ای سی سی کی منظوری سے ہر 15 دن بعد مقرر کی جاتی ہیں، پی ایس او کی جانب سے 50 فیصد پیٹرولیم مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں، اور قیمتیں مارکیٹ کی طلب اور رسد کی بنیاد پر مقرر کی جاتی ہیں۔کمیٹی کے ارکان نے سوال کیا کہ جغرافیائی اور لاجسٹک فرق کے باوجود ملک بھر میں پیٹرولیم کی قیمتیں یکساں کیوں ہیں؟ وزیر نے یقین دلایا کہ قیمتوں کے تعین میں کسی بھی بدعنوانی کی تحقیقات کی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی پی ڈی اے کے مسائل بالخصوص اوگرا کے دائرہ اختیار میں آنے والے مسائل پر آئندہ اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔