بھارت: جسٹس بھوشن رام کرشنا گوائی بھارت کے چیف جسٹس مقرر

30 اپریل ، 2025

کراچی ( نیوز ڈیسک) بھارتی صدر ہند دروپدی مرمو نے جسٹس بھوشن رام کرشنا گوائی کو بھارت کے اگلے چیف جسٹس مقرر کر دیا ہے۔ ان کا تقرر 14 مئی 2025 سے مؤثر ہوگا۔ وہ چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی جگہ لیں گے اور بھارت کے 52ویں چیف جسٹس ہوں گے۔مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر اس تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا "آئین ہند کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے، سپریم کورٹ آف انڈیا کے جج، جناب جسٹس بھوشن رام کرشنا گوائی کو چیف جسٹس آف انڈیا مقرر کیا گیا ہے، یہ تقرری 14 مئی 2025 سے مؤثر ہوگی۔"جسٹس گوائی بھارت کے پہلے چیف جسٹس ہوں گے جو دلت پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں اور مکمل وقت کے لیے اس منصب پر فائز ہوں گے۔ان کی عدالتی ساکھ اور فیصلہ سازی میں غیرجانبداری کی تعریف کی جاتی ہے۔ان کی مدت کار چھ ماہ سے کم ہوگی، کیونکہ وہ نومبر 2025 میں 65 برس کی عمر مکمل ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے۔