بھارتی پنجاب میں کشمیری طلبہ پر حملے 45 طلبہ وطن واپس لوٹ آئے

30 اپریل ، 2025

سری نگر(جنگ نیوز) پہلگام حملے کے اگلے دن، 23 اپریل کو، موہالی (پنجاب) میں ریات بہرا یونیورسٹی کے کشمیری طالبعلم، 20 سالہ سنان خورشید کو نسلی اور مذہبی تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ روزمرہ کی طرح کالج جاتے ہوئے رکشے میں سوار ہوئے، جہاں ہریانہ اور ہماچل پردیش کے کچھ طلبہ نے انہیں دہشت گرد کہا اور ان کی والدہ و بہن کو گالیاں دیں۔خورشید نے بتایا کہ حملے کے بعد کالج میں ہر کوئی شک کی نظر سے دیکھ رہا تھا اور اگلے دن سوشل میڈیا پر کشمیری طلبہ پر حملوں کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔ ان کا ایک دوست بھی تشدد کا نشانہ بنا۔سنان ان 45 کشمیری طلبہ و طالبات میں شامل ہیں جو پیر، 28 اپریل کو واپس کشمیر لوٹ آئے۔ پہلگام دہشتگردی واقعے کے بعد پورے ملک میں اشتعال کے باعث کشمیری طلبہ کی سیکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔