کراچی ( اسٹاف رپورٹر)اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) نے ٹیکس بنیاد کو پائیدار طریقے سے بڑھانے کیلئے زراعت، ریئل اسٹیٹ، ہول سیل ،ریٹیل ٹریڈ جیسے روایتی طورپر کم ٹیکس دینے والے شعبوں کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز پیش کر دی ، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اور شفافیت ضروری ہے، ٹیکس چھوٹ کیلئے آمدنی کی حد سالانہ 12 لاکھ روپے کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔او سی سی آئی نے سفارش کی کہ اشیا پر سیلز ٹیکس18سے کم کرکے فوری 17 فیصد کیا جائے جبکہ سیلز ٹیکس کو ایک فیصد سالانہ کم کرکے علاقائی اوسط کے برابر 15فیصد کیاجائے،تفصیلات کے مطابق اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی بجٹ2025-26کیلئے اپنی سفارشات میں ٹیکس بیس کی توسیع، کمپلائنس کی تعمیل، سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور ایف بی آر کے ریونیومیں اضافہ کیلئے ایک جامع ٹیکس اصلاحات کا روڈ میپ پیش کر دیا ہے ۔ او آئی سی سی آئی نے اپنی سفارشات میں اس بات پر زوردیا ہے کہ تمام شعبے اپنی جی ڈی پی میں شراکت کے مطابق مساوی طورپر ٹیکس ادا کریں تو ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے موجودہ تناسب جو 10فیصد سے بھی کم ہے کو تقریباً14فیصد تک بڑھا یاجاسکتا ہے۔ او آئی سی سی آئی کی بجٹ کی کلیدی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ مالی سال-26 2025کیلئے کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 28فیصد کی جائے اور سالانہ ایک فیصد کم کرکے 5سال میں اسے 25فیصدتک لایا جائے۔ یہ بتدریج کمی پاکستان کے کارپوریٹ ٹیکس اسٹرکچر کو دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ساتھ ہم آہنگ کرے گی جس سے مسابقت کو فروغ ملے گا۔او آئی سی سی آئی نے اشیاء پر سیلز ٹیکس کی شرح کو فوری طورپر 17فیصدکرنے کی بھی سفارش کی ہے اور اس کے بعد بتدریج ایک فیصد سالانہ کمی کرکے اسے علاقائی اوسط کے برابر 15فیصد لانے پر زوردیا ہے۔بجٹ تجاویز میں کہاگیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیلز ٹیکس کی شرح میں ہم آہنگی،کمپلائنس کو آسان بنانے اور کاروباری ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے اہم ہے۔ او آئی سی سی آئی نے کاروباری دوستانہ ماحول کی فراہمی کیلئے سُپر ٹیکس کو 3سال کے دوران بتدریج ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ او آئی سی سی آئی نے اپنی بجٹ تجاویز میں سگریٹ کی غیر قانونی تجارت سے درپیش مستقل چیلنجزکو بھی اجاگر کیا جس کے نتیجے میں سالانہ 300ارب روپے سے زائد کے ٹیکس کا نقصان ہورہا ہے۔ او آئی سی سی آئی نے ریونیو کی اس بے ضابطگی کوروکنے کیلئے سخت اقدامات کے نفاذ پر زور دیا ہے۔ او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کو اپنے ٹیکس نظام کو جدید بنانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تجاویز ایک شفاف، قابلِ عمل اور مساوی ٹیکسیشن فریم ورک بنانے پر مبنی ہیں جو اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ توانائی کے شعبے سے متعلق او آئی سی سی آئی نے اپنی تجاویز میں کہا کہ تمام بڑی پٹرولیم مصنوعات کو مناسب سیلز ٹیکس شرح کے تحت قابل ِ ٹیکس سپلائیز قرار دیاجائے تاکہ اس شعبے میں ایک منصفانہ اور وسیع تر ٹیکس شراکت کو یقینی بنایاجائے۔ او آئی سی سی آئی نے فیڈل بورڈ آف ریونیو(FBR)کے زیرِ التواء 120ارب روپے سے زائد کے ٹیکس ریفنڈز کے اجراء پر بھی زوردیا، او آئی سی سی نے اپنی تجاویز میں کہا کہ پالیسیوں کا تسلسل اور شفافیت سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ناگزیر ہے۔ او آئی سی سی کی بجٹ تجاویز میں سے اہم تجویزانفرادی قابلِ ٹیکس آمدنی کی حدکو بڑھاکر 12لاکھ روپے سالانہ کیا جائے تاہم ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کیلئے 6لاکھ روپے سالانہ سے زائد آمدنی والے تمام افراد کیلئے ٹیکس فائلنگ لازمی کی شرط میں تبدیلی نہ کی جائے۔ اس موقع پراو آئی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل ایم عبد العلیم نے کہاکہ درست اصلاحات اور پالیسیوں کا تسلسل کاروباری اعتماد بحال اور ملک کو سرمایہ کاری کیلئے ایک پُرکشش مقام کے طورپر کھڑا کرسکتاہے۔ او آئی سی سی آئی اقتصادی خوشحالی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی پالیسیوں کی تشکیل میں حکومت کوسپورٹ فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔
کراچی سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بنچ نے ایف آئی اے کی جانب سے شہریوں کے بینک اور موبائل اکانٹس بلاک کرنے پر...
کراچی انیل امبانی کی کمپنی سمیت بھارتی بینک حکام پر فراڈ اور مجرمانہ سازش کے الزامات عائد،بھارتی تحقیقاتی...
اسلام آباد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ،...
اسلام آ باد وزیراعظم محمد شہباز شریف معروف صحافی مرحوم الطاف حسن قریشی کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ کے...
لاہور بھارت نے جنوب مشرقی ایشیا میں اپنے دفاعی اثر و رسوخ کو مزید وسعت دیتے ہوئے ویت نام کو سپرسانک کروز...
لاہور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ٹفنی ٹرمپ اور ان کے شوہر مائیکل بولوس نے آگرہ میں تاج محل کا دورہ کیا...
اسلام آباد پاکستان کی 79ویں سالگرہ کے دن 14 اگست کو معرکہ حق مونومنٹ پارک کا افتتاح کا جائے گا۔ افتتاحی تقریب...
کراچی آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سینیٹر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے اے پی این ایس...