اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) ہندوستان کی مہم جوئی ‘ پاکستان کا منہ توڑجواب ‘پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک ہی روز میں بھارتی فوج کے 2کواڈ کواپٹر مار گرائےجبکہ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے ثبوت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پہلگام واقعے کو 7 دن ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک الزامات کے کوئی ثبوت نہیں پیش کیےگئے‘وہاں صرف زبانی جمع خرچ چل رہا ہے‘25اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ دہشتگرد عبدالمجیدکو جہلم کے قریب بس اڈے سے پکڑا گیا‘ گرفتار ملزم سے ڈھائی کلو گرام وزنی بم برآمد ہوا‘اس کےگھر سے انڈین ساختہ ڈرون اور دس لاکھ روپے برآمد ہوئے‘دہشتگردکے موبائل فون سے بھارت میں ہوئی بات چیت پکڑی گئی، اس کی کمیونیکیشن بھارت میں صوبیدار سکھویندر سے ہو رہی تھی۔تفصیلات کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے بتایا پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر پر بھارتی فوج کا ایک اور کواڈ کاپٹر گرایا ، بھارتی فوج کا کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے میں جاسوسی کر رہا تھا، مار گرایا جانے والا کواڈ کاپٹر پلٹین 4 ہے،اس سے پہلے منگل کو ہی ہی پاک فوج کی جانب سے بھارتی آسام رجمنٹ کا ایک اور کواڈ کاپٹر گرایا گیا تھا ۔ ادھر منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے منگل کو پریس کانفرنس کے دوران پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے مصدقہ بصری شواہد سمیت ناقابل تردید ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کر دیئے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے،ہم آپ کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے ثبوت پیش کررہے ہیں کہ وہ کس طرح پاکستان میں دہشتگردی کروارہا ہے جس میں بھارت کا حاضر سروس افسر بھی شامل ہے،آپ کو ثبوت کے ساتھ بتائیں گے کہ بھارت کس طرح پاکستان کے اندر دہشتگرد نیٹ ورک چلا رہا ہے اور دہشتگردوں کو ملٹری سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے آئی ای ڈیز سمیت دیگر مواد فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 25 اپریل یعنی 4 دن پہلے جہلم بس اسٹینڈ سے بھارت کے تربیت یافتہ دہشتگرد عبدالمجید کو گرفتار کیا گیا جس کے پاس سے ڈھائی کلو وزنی بم، 2 موبائل فون اور 70 ہزار روپے کیش برآمد ہوا جبکہ اس کے گھر سے ایک بھارتی ساختہ ڈرون اور 10 لاکھ روپے کیش برآمد ہوئے، اس دہشتگردکا ہینڈلر کا کوڈ نیم ’سکندر‘ ہے جو بھارتی فوج کا جونیئر کمیشن آفسر صوبیدار سکھویندر ہے جبکہ گرفتار ہونے والے دہشتگرد کی اپنے ہینڈلر سے گفتگو بھی سامنے آئی ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشتگرد کے موبائل فون سے بھارتی فوجی سے ہونے والی گفتگو آپ کو سناتے ہیں جس میں صوبیدار سکھویندر اسے دہشتگردی کے لیے پہلی آئی ای ڈی ڈیوائس جب دیتا ہے تو اسے کیا ہدایت دیتا ہے،واٹس ایپ پر ہونے والی بات چیت کے دوران دہشتگرد کو بھارت سے لوکیشن مل رہی ہے اور اسے بتایا جارہا ہے کہ کسی اور کے ذریعے آئی ای ڈی آپ تک پہنچ رہی ہے، پھر وہ پوچھ رہا ہے کہ ہوگیا پارسل، آپ وقت سے نکل جانا اور جلدی پہنچنا جس پر دہشتگرد اسے اوکے کا جواب دیتا ہے کہ میں تھوڑی دیر میں نکل رہا ہے اور اسے لوکیشن بھی بھیجتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگرد کی اپنے ہینڈلر سے ہونے والی گفتگو کے دوران مزید 4 کرداروں کی نشاندہی کی گئی جو اس سیل کو چلارہے ہیں، جن میں میجر سندیپ ورما، جس کی شناخت (سمیر) کے نام سے ہے وہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، صوبیدار سکھویندر، حوالدار امیت اور ایک سپاہی شامل ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھارتی فوج کے میجر سندیپ نے دہشتگرد مجید کو ہائر کیا تو سنیں ان کی کیا بات ہوئی۔ (ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردی کی کارروائی کرنے کے لیے بھارتی فوج کے حاضر سروس آفسر سے ہونے والی گفتگو سنائی جس میں وہ انہیں ہدایات دے رہے ہیں)۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ صرف سنیں بھارتی حاضر سروس افسر نے کیا کہا کہ ہم بلوچستان سے لے کر لاہور تک دہشتگردی کرتے ہیں، وہ بتارہا ہے کہ کس طرح دہشتگردوں کی مالی معاونت کی جاتی ہے ’’وہ کہتا ہے کہ میں مختلف اکاؤنٹس میں تھوڑے تھوڑے پیسے بھجواؤں گا، میں کسی کو پیسے بھیجوں گا وہ آگے کسی اور کو بھیجے گا اور پھر خود آپ تک پہنچائےگا‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے حاضر سروس افسر نے دہشتگرد سے کہا کہ میں یہاں ایک دو دن کیلئے نہیں آیا، میں سالوں سے دہشتگردی کررہا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی واضح مثال ہے، اور یہ صرف ایک سیل ہے جو آپ کے سامنے پیش کیا جارہا ہے جو 25 اپریل کو پکڑا گیا تھا جس نے 4 دہشتگردی کے واقعات کیے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دہشتگرد کی بھارتی فوج کے افسر سے گفتگو کی ایک اور آڈیو سنائی۔’’جس میں وہ دہشتگردی کی کارروائی کے لیے جگہ کا تعین کررہے ہیں کہ دھماکا کس مقام پر کیا جاسکتا ہے کون سی مارکیٹ بہتر رہے گی جہاں لوگ زیادہ جمع ہوتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ آپ نے سنا کہ بھارتی افسر کیا کہہ رہا ہے کہ میں عام شہریوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہوں، مجھے خبر چاہیے، میڈیا کی کوریج چاہیے، دراصل بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے پیچھے ان کا ریاست کا کنٹرول کردہ میڈیا اور سوشل میڈیا ہے جس کی جھلک ابھی بھی سب دیکھ رہے ہیں کہ دہشتگردی کی کارروائی کرو اور اسے زیادہ سے زیادہ اچھالو تاکہ دنیا کو یہ بتایا جائے کہ پاکستان میں دہشتگردی ہے۔ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا کہ بھارتی حاضر سروس افسر کی جانب سے پاکستان میں موجود دہشتگرد کی ٹریننگ کس طرح کی جارہی ہے، وہ اسے باقاعدہ ویڈیو بھیج کر بتاتا ہے کہ کس طرح آئی ای ڈی بلاسٹ کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود دہشتگرد کو بھارت کے حاضر سروس افسر ڈرون کے ذریعے یہ دھماکا خیز مواد بھیجتے تھے، جو ان کے گھر سے برآمد ہوا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا افسر نہیں بلکہ بھارتی آرمی کا افسر ہے جو پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، آپ اس آرمی کا پروفیشنلزم دیکھیں، بھارتی حکومت اپنی فوج سے یہ کام کروارہی ہے جس میں حاضر سروس فوجیوں سے کام لیا جارہا ہے۔اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات بتائیں کہ 24 ستمبر کو صوبیدار سکھویندر نے دہشتگرد کو ضلع بھمبر میں برنالا کی ایک لوکیشن دی کہ وہاں آپ کو ایک آئی ای ڈی ملے گی اور اسے واٹس ایپ پر لوکیشن بھیجتا ہے جبکہ 13 اکتوبر کو پہلا آئی ای ڈی بلاسٹ ضلع باغ کے پیر کانٹھی کے مقام پر ایک فوجی گاڑی پر کرتا ہے جو خبر میڈیا میں بھی آئی تھی جس میں پاک فوج کے جوان زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد اسے ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم بھیجی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ 22 نومبر 2024 کو صوبیدار سکھویندر ایک اور لوکیشن شیئر کرتا ہے اور اس بار یہ ہیڈمرالہ کے قریب کی ہے، مگر جس ڈرون کے ذریعے انہوں نے وہاں آئی ای ڈی گرائی ہے وہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے کریش کرجاتا ہے، اور یہی وہ ڈرون ہے جو پھر بعد میں اس کے گھر سے ملتا ہے، یعنی وہ اس ڈرون کو ری کور کرکے لے آتا ہے اور وہ وہاں سے آئی ای ڈی بھی اٹھالیتا ہے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 30 نومبر کو دہشتگرد مجید یہی آئی ای ڈی جلال پور جٹاں کے قریب فوجی گاڑی میں نصب کردیتا ہے جس کے نتیجے میں 4 جوان زخمی ہوئے تھے، ہمارے جوان زخمی ہوکر معذور ہورہے ہیں، جو ہر لمحہ حالت جنگ میں ہیں اور لڑ رہے ہیں، یہ بھی بھارتی دہشتگردی کی شکل ہے جس کا وہ نشانہ بن رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سکھویندر کو 6 لاکھ 56 ہزار روپے ملتے ہیں اور ٹاسک مکمل کرنے پر مختلف طرح سے ادائیگی ہوتی ہے اور اسے کی جانے والی ان ادائیگیوں کا ریکارڈ بھی ہمارے سامنے ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اس کے بعد رواں سال 18 مارچ کو دہشتگرد مجید کو آئی ای ڈی کیلئے کوٹلی کی تیسری لوکیشن بھیجی جاتی ہے، وہ وہاں جاتا ہے تو وہاں اسے سیکورٹی فورسز کی لوکیشن نظر آتی ہے، وہ اس کی ویڈیو بھیجتا ہے اور بتاتا ہے کہ جہاں آئی ای ڈی مجھے لینی ہے وہاں فوجی اہلکار موجود ہیں تو وہ اس آئی ای ڈی کو لینے کیلئے وہاں نہیں جاتا اور پھر وہ آئی ای ڈی اسکول کے بچے اٹھالیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی دوران بھارتی سوشل میڈیا، جسے ریاست کنٹرول کررہی ہے، خبر چلاتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 4 دنوں میں 5 آئی ای ڈیز کو ناکارہ بنا کر دہشتگردی کی بڑی کارروائیوں کی کوشش کو ناکام بنادیا، بھارتی سوشل میڈیا نے کہا کہ ہم دہشتگردی کا شکار ہیں، ہم نے آئی ای ڈیز پکڑیں جو یہاں پر کسی نے نصب کی تھیں جو ہم نے ناکارہ بنادی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کام کے لیے دہشتگرد مجید کو 6 لاکھ 56 ہزار روپے نہیں ملتے کیونکہ وہ یہ دھماکا کرنے میں ناکام رہا تھا، مگر اس کے باوجود اس کام کے لیے 65 ہزار روپے دئیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد اس کے ساتھ برنالہ کے قریب کی لوکیشن شیئر کی گئی اور اسے کہا جاتا ہے کہ یہاں اسے آئی ای ڈی پہنچائی جائے گی، دہشتگرد مجید آئی ای ڈی وہاں سے حاصل کرلیتا ہے جس کے بعد مجید کے بھارتی فوج کے ہینڈلر اور اس کے درمیان گفتگو ہوتی ہے کہ ہدف کسے بنانا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا کو دہشتگرد مجید اور اس کے بھارتی ہینڈلر کے درمیان ہونے والی گفتگو سنوائی۔ (جس میں بھارتی ہینڈلر مجید سے کہتا ہے کہ وہ پُرہجوم جگہ دیکھے جہاں کافی ہلا گلا ہو، آئی ای ڈی کو بیگ میں ڈال کر کہیں رکھ دینا ، اس کے بعد ہینڈلر کہتا ہے کہ بس اسٹینڈ پر ( دھماکا ) کرنا ہے۔اس کے بعد ایک اور آڈیو شرکاء کو سنوائی گئی جس میں دہشتگرد مجید کہتا ہے (برنالہ میں کوئی بڑا بس اڈا نہیں ، پھر وہ کہتا ہے کہ بھمبر میں 2 سے 3 بس اڈے ہیں، مگر وہ چھوٹے ہیں، اس کے بعد مجید کہتا ہے کہ میں جہلم چلاجاتا ہوں وہاں 15، 20 بندے نشانہ بن جائینگے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ’کیا یہ انسان بھی ہیں؟ یہ بھارتی فوج کے حاضر سروس جونیئر کمیشنڈ افسر ہیں، جو کہہ رہے ہیں کہ بس اسٹینڈ پر جاؤ جہاں پبلک ہو، زیادہ لوگ ہوں، معصوموں کو قتل کرو، دہشتگردی کا شکار بناؤ، انہوں نے کہا کہ اسی کو سرحد پار ریاستی دہشتگردی کہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چوتھی آئی ای ڈی کیلئے دہشت گرد مجید کو پیشگی ادائیگی کی جاتی ہے اور جب وہ دھماکا کرنے کے لیے جہلم جاتا ہے تو اسے قانون نافذ کرنے والے ادارے پکڑ لیتے ہیں، اس کے بعد جب فرانزک کرتے ہیں تویہ سب کچھ سامنے آجاتا ہے جو آپ کے سامنے پیش کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد انہوں نے اپنے تمام اثاثوں، بلوچستان میں سرگرم عمل دہشتگردوں، فتنہ الخوارج اور انفرادی طور پر آپریٹ کرنے والے سیلز سے کہا کہ وہ اپنی سرگرمیاں بڑھادیں اور ہمارے پاس اس سے متعلق قابل بھروسہ معلومات ہیں۔بعد ازاں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا ءکو فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی لاشوں کی تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کی شکل آپ کو دو روز قبل نظر آئی تھی، دہشتگردوں کی سب سے بڑی تعداد سرحد پار سے آئے تھے جنہیں بھارتیوں کے حکم پر بھیجا گیا اور ان کی سہولت کاری کاری کی گئی، تاہم ہمارے سیکورٹی فورسز نے ان دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا اور 71 دہشتگرد مارے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیوں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی عوام کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں کہ اتنی بڑی سازش، اتنے بڑے وسائل کے ہوتے ہوئے قوم سیسہ پلائی دیوار کے مانند کھڑی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس چیلنج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔
اسلام آباد مالی سال 2025-26میں حکومت سرمایہ کاری کے ہدف میں ناکام،جی ڈی پی شرح نمو 3.7فیصد تک محدود؛ قومی بچتیں...
اسلام آ باد کس کس کوکیاتحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ سامنے آ گیا۔ کابینہ ڈویژن نےجنوری سےمارچ دو...
کراچی ایران جنگ کے دوران چین کو امریکا پر برتری حاصل، بحران سے چین کو سفارتی، معاشی اور عسکری فائدہ ہوا، ٹرمپ...
اسلام آ باد DGنیشنل پولیس بیورو محمد طارق چوہان تبدیل خدمات پنجاب حکومت کے سپرد ، ڈی جی FIAڈاکٹر عثمان انور کو...
اسلام آباد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکا کے معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی...
اسلام آباد ایف بی آر کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ ایسے سرکاری ملازمین کی جانچ پڑتال اور تحقیقات کر سکے جن...
اسلام آباد ایف بی آر کے ان لینڈریونیو سروس کے گریڈ 20 کے افسر محمد یاسر پیرزادہ نے بطور چیف ، ایف بی آر...
کراچی بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکی دی ہے کہ اگر دوبارہاشتعال انگیزی کی گئی تو بھارت فیصلہ کن...