پہلگام واقعہ کے حملہ آوروں‘ منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو سزا دینے کیلئے پرعزم ہیں، وزیر خارجہ ایس جے شنکر

30 اپریل ، 2025

مظفرآباد/نئی دہلی (ایجنسیاں)پاکستان اور انڈیا کے مابین کنٹرول لائن پر فائرنگ کا سلسلہ پانچویں روزبھی جاری رہاجبکہ وزیراعظم نریندر مودی کاکہنا ہے کہ پہلگام حملے کے ردعمل میں طریقہ کار، اہداف اور وقت کا تعین کرنے میں بھارتی مسلح افواج کو مکمل آپریشنل آزادی ہے۔ بھارتی خبررساں اداروں کے مطابق مودی نے کہا ہے کہ پہلگام میں حملے کے بعد مسلح افواج کو کھلی آپریشنل آزادی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج انڈیا کے ردعمل کے لیے طریقہ کار، اہداف اور وقت کا تعین کریں گی۔انہوںنے یہ بیان ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے موقع پر دیا جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال سمیت تینوں سروسز کے سربراہان موجود تھے۔ادھربھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہاہے کہ انڈیا پہلگام واقعہ کے حملہ آوروں ‘ منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو سزادینے کیلئے پرعزم ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایاکہ ان کی یواین سیکریٹری جنرل سے فون پربات ہوئی ہے ‘انتو نیو گوتیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ سیکریٹری جنرل نے حملے کی مذمت کی اور قانونی ذرائع سے اس کے نتیجے میں انصاف کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بات کی۔ گوتریس نے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں اقوام متحدہ کے کردار کی پیشکش بھی کی۔