ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل، عالمی سرمایہ کار IT شعبہ میں سرمایہ کاری کریں، وزیراعظم

30 اپریل ، 2025

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی کےشعبہ میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، ا س شعبہ میں 70کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے میں معاون ثابت ہو گی، مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی میں نوجوانوں کی تعلیم وتربیت کا بڑامنصوبہ بنایا گیا ، زراعت ، صنعت ، برآمدات اور دیگر شعبوں میں آئی ٹی اور اے آئی سے استفادہ کیا جا رہا ہے، دودہائیوں کی نسبت آج کی ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل ہو چکی ، عالمی سرمایہ کار آئی ٹی شعبہ میں سرمایہ کاری کریں،غیر متزلزل اور انتھک کاوشوں سے پاکستان آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا کی صف میں کھڑاہوگا۔ منگل کو وفاقی دارالحکومت میں ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا آج تمام شعبوں میں غیر معمولی اثر رکھتی ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ڈیجیٹل دنیا میں دستیاب بڑے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں، انہوں نے تمام سرمایہ کاروں اور نارتھ امریکا سمیت دیگر کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ زراعت کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے ، برآمدات بڑھانے ، صنعت کے فروغ اور پاکستان میں مفید روزگار کو فروغ دینے کے حوالے سے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔انہوں نے اس موقع پر پاکستان میں اپنےروسی شراکت دار کے ہمراہ 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کااعلان کرنے والی پاکستانی شخصیت کو خصوصی طور خراج تحسین پیش کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث گزشتہ نوماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 25فیصد اضافہ ہوا، حکومت نے کیش لیس ٹرانزیکشن پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جس سے ملک میں معاشی انقلاب لانے میں مدد ملے گی۔ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحیی ٰ نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلے ڈیجیٹل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری فورم 2025 میں شرکت انتہائی اعزاز کی بات ہے، پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل اورعالمی قیادت کا یہ سنہرا دور ایک تاریخی لمحہ ہے، ڈیجیٹل تبدیلی اب کوئی رجحان نہیں بلکہ ایک انقلاب ہے جو معیشتوں کو نئی شکل دے رہا ہے۔اس موقع پر ’’پاشا‘‘ کے سجاد سید کی طرف سے اپنے شراکت داروں کے ساتھ 600 ملین ڈالرکی نمایاں سرمایہ کاری کے اعلان سمیت غیرملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں تقریبا 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے، ڈیری مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ، پاکستان ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے فریز لینڈ کیمپینا جیسی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرے گا ۔