اسلام آباد (رپورٹ، حنیف خالد) یوم مزدور 2025 کے موقع پر بین الاقوامی محنت تنظیم (آئی ایل او) پاکستان اور نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) کے اشتراک سے یکم مئی 2025 کو اسلام آباد میں ایک اہم قومی سطح کی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان میں آجرین اور مزدوروں کے درمیان مکالمے، ہم آہنگی اور باہمی تفہیم کو فروغ دینا ہے۔ یہ کانفرنس پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر سے صنعتی اور محنت کش حلقوں کی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔ تقریب میں آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹرگیر ٹونسٹول،چیئرمین این آئی آر سی جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز ، وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل ، سابق جج سپریم کورٹ خلیل الرحمان رمدے، لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن ، ایڈوکیٹ سپریم کورٹ بیرسٹر ظفراللہ خان ، جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سلمان منصور ، فیڈرل سیکرٹری وزارت سمندر پار پاکستانی ڈاکٹر ارشد محمود ودیگر مہمانان شریک ہوں گے ۔آئی ایل او پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر، جناب گیر ٹونسٹول نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مزدوروں کے حقوق دراصل انسانی حقوق ہیں، اور بہتر کام کے حالات اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہوتے ہیں جو کسی کو پیچھے نہیں چھوڑتیں۔ آج جب دنیا کو بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری، ماحولیاتی تبدیلی اور تکنیکی انقلابات کا سامنا ہے، حکومتوں، آجرین اور مزدوروں کے درمیان یکجہتی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایل او پاکستان این آئی آر سی کے ساتھ مل کر دنیا کار سے جڑے تمام کلیدی اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کر رہا ہے تاکہ صنعتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے، کام کی جگہ پر مؤثر مکالمہ قائم ہو، اور تنازعات کے بروقت اور منصفانہ حل کو یقینی بنایا جا سکے۔اسی سلسلے میں نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے چیئرمین، جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ 1969 کے بعد این آئی آر سی آئی ایل او کے تعاون سے اس نوعیت کی قومی کانفرنس منعقد کر رہا ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد آجرین اور مزدوروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا اور ان کے درمیان موجود خلیج کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی آر سی کا ایک بنیادی فریضہ آجرین اور مزدوروں کے درمیان تعمیری تعلقات کو فروغ دینا، ان کو مثبت سمت میں لے جانا اور صنعتی روابط کو ایک پیداواری دائرے میں منتقل کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس ان شاء اللہ اس سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔کانفرنس میں نمایاں مقررین اور سیشنز کی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ بیرسٹر ظفر اللہ خان "اسلام میں آجرین اور مزدوروں کے حقوق و فرائض" کے موضوع پر خطاب کریں گے۔ سپریم کورٹ کے جج، جسٹس جمال خان مندوخیل "پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں میں مزدوروں کے حقوق" پر کلیدی خطاب کریں گے۔ سابق سپریم کورٹ جج، جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے پہلے تکنیکی سیشن کی صدارت کریں گے اور "ہم آہنگی کا سفر: دیواریں نہیں پل" کے عنوان سے خصوصی خطاب کریں گے۔ پہلے پینل مباحثے کا موضوع "صنعتی ہم آہنگی اور سماجی مکالمہ" ہوگا جس میں پانچ بڑے صنعتی اداروں کے مالکان اور پانچ فیڈریشن و ٹریڈ یونین رہنما شریک ہوں گے، جبکہ اس سیشن کی نظامت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلمان منصور صدیقی کریں گے۔اوورسیز پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین دوسرے تکنیکی سیشن کی صدارت کریں گے، جس کا موضوع "انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ 2012 کے تحت شکایات کا ازالہ اور تیز تر انصاف کی راہ" ہوگا۔ وہ "پاکستان کی آئی ایل او کنونشنز سے وابستگی" پر بھی خصوصی خطاب کریں گے، اور اس سیشن کے ناظم سپریم کورٹ کے وکیل عمران شفیق ہوں گے۔ افتخار احمد "عالمی معیارات کی روشنی میں انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ 2012" پر روشنی ڈالیں گے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس جواد حسن "متبادل تنازعہ حل" کے موضوع پر خطاب کریں گے۔وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ "پاکستان میں موجودہ قوانین کو آئی ایل او کنونشنز سے ہم آہنگ کرنے کی ریاستی کوششوں" پر کلیدی خطاب کریں گے۔ آئی ایل او پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر گیر تھامس ٹونسٹول بھی کام کی دنیا کے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم کلیدی خطاب کریں گے۔ آخر میں اوورسیز پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کے سیکرٹری ڈاکٹر ارشد محمود کانفرنس کا اختتامی کلمہ اور شکریہ ادا کریں گے۔یہ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب پاکستان سمیت دنیا بھر میں محنت کش طبقہ مہنگائی، بیروزگاری، ملازمتوں کے عدم تحفظ اور نئی ٹیکنالوجی و خودکاری کے اثرات جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں حکومتوں، آجرین، مزدور تنظیموں اور عالمی اداروں کے درمیان تعاون ایک زیادہ منصفانہ، پائیدار اور باوقار مستقبل کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہو گیا ہے۔یکم مئی کو ہونے والی اس کانفرنس میں مختلف صنعتی شعبوں کے نمائندگان، ٹریڈ یونین رہنما، انسانی حقوق کے کارکنان، قانونی ماہرین اور حکومتی ادارے شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں کام کی دنیا سے متعلقہ مسائل، اصلاحاتی تجاویز اور پالیسی سازی پر مختلف سیشنز میں گفتگو ہوگی۔یہ تاریخی اقدام پاکستان میں صنعتی تعلقات کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور سماجی مکالمے کے فروغ کے لیے ایک نئی سوچ اور عملی حکمت عملی کی بنیاد بنے گا۔قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کی نیوز کانفرنس میں بتایا گیا کہ یوم مئی کے حوالے این آئی آر سی کے بنیادی مقاصد میں مزدور/ملازمین اور مالکان کی تنازعات کا حل ہے،این آئی آر سی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ صنعت کا پہیہ چلتا رہے اور مزدور کا چولہا چلتا رہے، ماضی میں صرف جوڈیشل ورک پر ہی فوکس کرتے رہے، اب دیگر مقاصد کو مدنظر رکھ کر initiative لیا ہے، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے یوم مئی پر انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں یکم مئی کو انٹرنیشنل کانفرنس ہو گی جس میں ملک بھر کے مزدور یونینز اور فیڈریشن کے قائدین ،عہدیدران اور تمام رہنما شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز سمیت اٹارنی جنرل اور وزیر قانون بھی سیمینار میں شرکت کرینگے۔ میڈیا سمیت تمام ایمپلائرز کو بھی سیمینار میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔یہ ایک موقع ہو گا سب کے لیے کہ وہ سمجھ سکیں کہ ورکرز اور مالکان کے درمیان تعلق میں خوبصورتی آنی چاہیے اور لوگوں کا اعتماد بحال ہو۔
کراچی سابق یونانی وزیر خزانہ یانس واروفاکس نے کہا ہے ایران کیخلاف اسرائیل امریکا جنگ غیر قانونی و مجرمانہ...
اسلام آ باد وفاقی بیو رو کریسی میں تقرر وتبا د لے ،وفاقی سیکر ٹری وزارت آبی وسائل اور پا کستان ایڈ منسٹریٹو...
اسلام آ باد وفاقی حکومت نےکفایت شعاری اقدامات کے تحت دکانیں بند کرنے کے اوقات میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ...
اسلام آ باد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی...
اسلام آباد ایک سے زائد سنگل فیز میٹرلگا کر بجلی بلوں میں سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کی مشکلات میں اضا فہ ،...
اسلام آ باد قومی اسمبلی میں PTIاراکین کا انوکھا احتجاج؛ اسمبلی کے اندر اپنی اسمبلی لگا لی ،اپوزیشن لیڈر کی...
کراچی امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیانگو میں اسلامک سینٹر پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔...
اسلام آ باد سینئر بیورو کر یسی کیلئے اہم خبر ہے کہ وفاقی بیوروکریٹس کی گریڈ 21 سے 22میں ترقی کیلئے بلائے...