مہم جوئی کی صورت میں پاکستان بھارت کو ’’بہت سخت جواب‘‘ دےگا، سینئر دفاعی ذریعہ

30 اپریل ، 2025
انصار عباسی
اسلام آباد، ایک سینئر دفاعی ذریعے کا کہنا ہے کہ پاک فوج کو اندازہ ہے کہ بھارت ممکنہ طور پر کوئی مہم جوئی کر سکتا ہے، لیکن پاک فوج اس کا جواب بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے اہم عہدے پر فائز اس ذریعے نے یقین دہانی کرائی کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بہت سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں اور سرحد پار کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ اس حد تک تیاری کی وجہ سے وزیراعظم، کابینہ ارکان اور سیاسی منظر نامے کے تمام سیاست دان پر اعتماد ہیں کہ پاک فوج جنگ کیلئے بے چین بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت میں بھی احتیاط سے کام لینے کی آوازیں اُٹھ رہی ہیں۔ کچھ تجزیہ کار اور مبصرین وزیراعظم مودی اور جارحیت پسند بھارتی میڈیا پر زور دے رہے ہیں کہ 2019ء میں کی گئی غلطی دوبارہ نہ دہرائی جائے۔ ایسی ہی ایک آواز بھارتی سیکورٹی اور دفاعی تجزیہ کار پراوین سہانی کی ہے۔ وہ سابق بھارتی فوجی افسر ہیں۔ بھارت کی جارحیت پسندانہ بیان بازی کے باوجود، سہانی کو نہیں لگتا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مکمل جنگ ہوگی۔ اصل میں وہ پہلے یہ دلیل دے چکے ہیں کہ پاک فوج کو بھارتی فوج پر ایک منفرد برتری حاصل ہے۔ دفاعی امور کے ایک جریدے میں شائع ہونے والے مضمون میں پراوین سہانی کا کہنا تھا کہ جنگ کی صورت میں پاک فوج بھارت کو یقینی طور پر ایک بڑی شکست سے دو چار کر دے گی، اور اس کی وجہ غیر دانشمندانہ انداز سے آرٹیکل 370؍ کو منسوخ کرنا اور سابقہ جموں و کشمیر ریاست کو دو علیحدہ حصوں میں تقسیم کرنا ہے۔ پراوین سہانی کے مطابق، 6؍ لاکھ پاکستانی فوج دو وجوہات کی بناء پر آپریشنل سطح پر 13؍ لاکھ بھارتی افواج پر برتر رہی ہے۔ اول، 1948ء میں اندرونی اور بیرونی انٹیلی جنس کیلئے آئی ایس آئی کا قیام ایک شاندار اقدام تھا۔ دوم، پاکستان اسٹریٹجک لحاظ سے بہت زیادہ مضبوط ہے جس کا جنگ میں آپریشنل سطح پر براہِ راست اثر مرتب ہوتا ہے۔