جرار حیدر کاظمی و چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن مقرر

30 اپریل ، 2025

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )وفاقی بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے ،نو ٹیفیکیشن جا ری ۔ سید جرار حیدر کاظمی کو چیف ایگزیکٹو آفیسر، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن مقرر ، ان کی تقرری تین سال کیلئے کی گئی ہے ممبر فنانس اوگرا محمد نعیم غوری کی تقرری کنٹریکٹ میں 1ماہ توسیع ،شہزاد اقبال ملک ڈپٹی سیکرٹری قومی سلامتی مقرر۔سید جرار حیدر کاظمی کی تقرری کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔وفاقی حکومت نے ممبر (فنانس) ʼاوگرا محمد نعیم غوری کی تقرری میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ممبر (فنانس) محمد نعیم غوری کی تقرری کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کی ہے۔ توسیع 30 اپریل 2025 سے مؤثر ہوگی اور ایک ماہ کی مدت کیلئے یا مستقل ممبر (فنانس) کی تقرری تک (جو بھی پہلے ہو) کی گئی ۔در یں اثنا ء سیکشن افسر جاوید اقبال کو وزارت بحری امور سے تبدیل کرکے قومی سلامتی ڈویژن میں تعینات کیا گیا ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری فنا نس ڈویژن( ملٹری فنا نس ونگ )شہزاد اقبال ملک کو تبدیل کرکے ڈپٹی سیکرٹری قومی سلامتی ڈویژن میں تعینات کیا گیا ہے۔ وہ ریلوے گروپ کے گریڈ انیس کے افسر ہیں۔سیکشن افسر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جواد رضا سلطان کو تبدیل کرکے سیکشن افسر فنا نس ڈویژن تعینات کیا گیا ۔