سعودی وزارت داخلہ کا حج قوانین خلاف ورزیوں پر سخت سزائوں، جرمانوں کا اعلان

30 اپریل ، 2025

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سعودی وزارت داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت سزائوں، جرمانوں کا اعلان کردیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے تر جمان کے مطا بق بغیر اجازت حج کرنے یا کوشش کی صورت میں 20 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔حج موسم کے دوران مکہ یا مقدس مقامات میں وزٹ ویزے کے ساتھ داخل ہونے کی صورت میں 20 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔وزٹ ویزہ ہولڈر کو مخصوص حج زون میں داخلے کیلئے ٹرانسپورٹ یا مدد فراہم کرنے والے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔غیر مجاز زائرین کو ہوٹل یا نجی گھروں میں رہائش فراہم کرنے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں، سہولت کاروں کو ڈی پورٹ اور 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔زائرین کی غیر قانونی نقل و حمل کی صورت میں گاڑی ضبط کی جاسکتی ہے۔جرمانہ یا سزا کے خلاف 30 روز کے اندر اپیل اور 60 روز عدالت کے اندر درخواست دائر کی جاسکے گی۔قوانین اور سزائوں کا اطلاق یکم ذی القعدہ سے 14 ذو الحجہ تک ہوگا۔