کشمیردونوں ممالک کے درمیان حائل،اب پانی کا مسئلہ اٹھا دیا،ناصر جنجوعہ

30 اپریل ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی کے سابق مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہاہے کہ کشمیر کا مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان حائل ہے اور پاکستان اس پر سمجھوتا نہیں کرسکتا اور اب انہوں نے پانی کا مسئلہ اٹھا دیا، جنگی جنون اور سوچ ہے یہ ایک دیوانہ پن ہے،ماہر بین الاقوامی امورپروفیسر حسن عباس نے کہا کہ انڈیا پاکستان دونوں کو سمجھنا چاہیے تیسری قوت تو ایسی نہیں ہے جو دونوں کو لڑانا چاہتی ہے ، میزبان شاہزیب خانزاد نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے آنے والے کچھ دن بہت اہم قرار دیئے جارہے ہیں۔قومی سلامتی کے سابق مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہاکہ صلاحیت دونوں ملکوں کی ہے ہم اپنے ملک کو اچھے طریقے سے دفاع کرسکتے ہیں لیکن یہ جو جنگی جنون اور سوچ ہے یہ ایک دیوانہ پن ہے ایسے حالات ہیں اور خاص طور پر جب ایک قوم کی شناخت اور آزادی چھین لیں اور وہاں سے آپ کی پالیسی کے خلاف ری ایکشن آئے اور آپ کا کمانڈ اسٹریکچر اگر سویا رہ جائے تو ایک واقعہ کو اٹھا کر نیوکلیئر جنگ بنا دیں۔ انڈیا میں بھی بہت سے فہم و فراست والے لوگ موجود ہیں جو جانتے ہیں اس تنازع کا حاصل صرف تباہی ہے۔ ایک دفعہ کام بگاڑ کر اس کو دوبارہ کنٹرول کرنے سے بہتر ہے اس کو نہ بگاڑا جائے۔ جوناکامی ہوئی ہے بجائے اس کے کہ ہم قیمت ادا کریں یا ہم پر ڈالیں اس کی خود تحقیقات کریں اور جو ذمہ دار ہیں جن کی موجودگی میں یہ سب کچھ ہوا ہے وہ دونوں ممالک کی پبلک کے سامنے لائیں۔ جنگ کی باتیں نہ کریں ہم دھمکیاں دینے پر اعتماد نہیں رکھتے جب بھی بھارت نے کچھ کیا ہے ہم نے اس کا جواب دیا ہے اور ہم اب بھی اس کا جواب دیں گے اور جب جواب دیں گے تو بات بڑھ جائے گی پہلے بھی آپ نے بڑی ریشنل طریقے سے ایک نیوکلیئر پاور ہوتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے تو ایک ایسی صورتحال کو اتنا نہ بڑھائیں کہ ہم جنگ کی طرف چلے جائیں۔