ویمن ایمپاور منٹ مراکز سے مستفید ہونیوالی خواتین کی تعداد کو دگنا کیاجائیگا، عمران شاہ

30 اپریل ، 2025

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ وویمن ایمپاور منٹ مراکز سے مستفید ہونیوالی خواتین کی تعداد کو دگنا کیاجائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان بیت المال کے ایم ڈی سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نے ملاقات میں کیا ، ملاقات میں وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان میں جاری اور آئندہ کے ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے بلوچستان کے ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مراکز میں روایتی مہارتوں جیسے سلائی کڑھائی کی بجائے آئی ٹی سے متعلقہ تربیت کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک ) کے اشتراک سے پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن کی ہدایت کی تاکہ خواتین کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیںوفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ ان مراکز سے مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد کو دگنا کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کو باقاعدہ شکل دی جا سکے۔