بھارتی میڈیا پاکستان کی نفرت میں بائولہ اور بے قابو ہوگیا

10 مئی ، 2025
انصار عباسی
اسلام آباد .....: پاکستان مخالف جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا نے جعلی اور سنسنی خیز صحافت کی تمام حدیں پار کر دیں۔ لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کی بجائے بھارتی میڈیا پاکستان کی نفرت میں اپنے جارحانہ پن میں بے قابو اور بائولہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز، بے شرمی کا حیران کن مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹی وی چینلز نے صحافتی اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر دیں۔ پاکستان کیخلاف جعلی خبریں اور من گھڑت بیان بازی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے ایسا تاثر پیش کیا کہ جیسے بھارتی حملے کے نتیجے میں پاکستان ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے اور یہاں بھارتی فوج قابض ہو چکی۔ کسی جوابدہی کے خوف کے بغیر یہ جھوٹ صرف پاکستان کیخلاف زہر افشانی کیلئے پھیلایا گیا۔ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کی مدد سے تیار کردہ ایک ویڈیو میں پاک فوج کے ترجمان کا ایک جھوٹا بیان دکھایا گیا جس میں بتایا جا رہا تھا کہ تین پاکستانی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے ہیں اور ایک پائلٹ کو پکڑ لیا گیا ہے۔ ایک اور من گھڑت کہانی پیش کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے پاکستان کے آرمی چیف کے مستعفی ہونے کا دعویٰ تک کر دیا۔