نیپرا کا 52.6 ارب روپے کے بجلی بلوں کی 3 ماہ میں واپسی کا حکم

10 مئی ، 2025

اسلام آباد (اسرار خان)نیپرا کا 52.6 ارب روپے کے بجلی بلوں کی 3 ماہ میں واپسی کا حکم، مئی سے جولائی تک فی یونٹ ریٹ میں 1.55 روپے کمی؛ مئی کے بلوں میں کے ای کیلئے اضافی 3.63 روپے کی کمی۔ تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کے لیے ایک خوش آئند ریلیف میں نیپرا نے جمعہ کو سرکاری ڈسکو اور کے الیکٹرک کو 52.6 ارب روپے واپس کرنے کی ہدایت کی ہے — جس سے مئی سے جولائی 2025 تک کے بجلی کے بلوں میں 1.55 روپے فی یونٹ کی کمی واقع ہوگی۔ یہ فیصلہ، مالی سال 2024-25 کی تیسری سہ ماہی کے لیے منفی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا حصہ ہے۔ لائف لائن اور پری پیڈ میٹر استعمال کرنے والے اس فائدے سے مستثنیٰ ہیں۔ صارفین کو ریلیف دینے سے متعلق ایک اور پیش رفت میں، نیپرا نے کے الیکٹرک کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ فروری 2025 کے فیول چارجز کی بنیاد پر مئی کے بلوں ممیں 3.6396 روپے فی یونٹ کی منفی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کو شامل کرے۔ یہ ایڈجسٹمنٹ لائف لائن، ڈومیسٹک پروٹیکٹڈ، پری پیڈ اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن استعمال کرنے والوں کے علاوہ تمام صارفین پر لاگو ہوگی۔ ایکس واپڈا ڈسکو کے لیے ایک علیحدہ ہدایت میں مئی کے بلوں میں 0.2883 روپے فی یونٹ کی منفی فیول ایڈجسٹمنٹ لازمی قرار دی گئی ہے، جو مارچ 2025 کے فیول میں تبدیلیوں سے منسلک ہے۔