صحت کے شعبے میں انقلابی قدم،’پنجاب لوکم ہائرنگ ایکٹ 2025‘ کامسودہ تیار

10 مئی ، 2025

لاہور(آصف محمود بٹ ) وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ پنجاب میں سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں، ماہرین، نرسنگ، پیرا میڈیکل اور دیگر طبی عملے کی مسلسل کمی، سروس ڈیلیوری میں خلل، اور مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی میں مشکلات کے پیش نظر، حکومت پنجاب نے صحت کے شعبے میں ایک انقلابی اور پالیسی سطح کی پیش رفت کرتے ہوئے ’پنجاب لوکم ہائرنگ ایکٹ 2025‘ کا جامع مسودہ تیار کر لیا ہے۔ یہ قانون جلد پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ مجوزہ قانون کا مقصد یہ ہے کہ ایک مؤثر اور شفاف نظام متعارف کرایا جائے، جس کے تحت وقتی، قلیل مدتی اور معاہدہ جاتی بنیادوں پر ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کی فوری بھرتی ممکن ہو سکے، تاکہ اسپتالوں میں انسانی وسائل کی کمی کی وجہ سے علاج معالجے میں تعطل نہ آئے۔