کوئی بھارتی جہاز اتنا قریب نہیں کہ ہمیں نشانہ بناسکے،پاک بحریہ

10 مئی ، 2025

کراچی (نسیم حیدر) پاکستان نیوی نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ وہ دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس نمایندے سے خصوصی طورپر بات کرتے ہوئے پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی نیوی اگر پاکستان کی جانب میلی نگاہ سے بڑھے گی تواسے بحیرہ عرب میں غرق کردیا جائےگا۔ پاک بحریہ کے ترجمان کہا کہ جس طرح پاک فضائیہ نے دشمن کو چاروں شانے چت کیا ہے اور وہ اپنے طیاروں کا ملبہ اپنے میڈیا کو دکھانے سے گریز کررہا ہے۔ افواج پاکستان کا دوسرا ونگ پاک بحریہ بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلیےپوری طرح تیار ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ سکیورٹی زرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ کا کو کوئی بھی جہاز ابھی اس قدر قریب نہیں کہ پاکستان کو نشانہ بناسکے، تمام شہر اور شپنگ لین محفوظ ہیں۔ اس سے پہلے برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے دعوی کیا تھا کہ بھارت نےسپر سانک کروز میزائل سےلیس اپنے جنگی جہاز پاکستان کی جانب روانہ کردیے ہیں تاکہ کراچی کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا جائے۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارت کی جانب سے طیارہ بردار جہاز، ڈیسٹرائیرز، فریگیٹس اور اینٹی آبدوز جہاز روانہ کیے گئے ہیں جو کہ پاکستانی ساحل سے تقریب تین سو سے چار سو ناٹیکل میل کے فاصلے پر ہیں۔ان میں سے بعض روس کے بنائے گئے براہموس میزائل سے لیس ہیں۔ پاکستان کی تجارت کا تقریبا ساٹھ فیصد حصہ کراچی کی بندرگاہ سے ہوتا ہے اور یہ شہر ملک کی تجارت کیلیے شہ رگ تصور کیا جاتا ہے۔ جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں میزبان سے بات کرتے ہوئے ریئرایڈمرل ریٹائرڈ فیصل شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی بحری بیڑا بین الاقوامی پانیوں میں موجودہے اور پاکستان سے تقریباً 700 کلومیٹر دورہے اوربھارت کے براہموس میزائل کی رینج 450 کلومیٹر ہے۔