عمران کی پیرول پر رہائی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

10 مئی ، 2025

اسلام آباد ( آن لائن) بانی پی ٹی آئی کی پیرول پر رہائی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ڈرون حملوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جان کو جیل میں خطرہ ہےلہٰذا فوری رہا کیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دائر کی ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت، حکومت پنجاب، آئی جی اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور پرول کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے دائر درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی پے رول پر رہائی کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کو بھارتی حکومت کی جانب سے جارحیت کا سامنا ہے، مختلف شہروں پر ڈرون حملوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جان کو جیل میں خطرہ ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مودی سینٹرل جیل اڈیالہ کا بھی ڈرون حملے کیلئے اہم ٹارگٹ کے طور پر دیکھ سکتا ہے، سیاسی طور پر بنائے گئے مقدمات میں طویل قید سے انکے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس طرح کی قید سے بچنے کیلئے آئین میں پرول پر رہائی کی ریمیڈی موجود ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان یقین دہانی کراتے ہیں کہ پے رول پر رہائی کی شرائط پر عمل کرینگے، طویل قید سے صحت خراب ہونے کا بھی خطرہ موجود ہے، سیکریٹری داخلہ پنجاب کو اس حوالے سے درخواست دی، مگر کئی کارروائی نہیں ہوئی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے جیل میں قید کے دوران پرزن رولز کی خلاف ورزی نہیں کی، لہٰذا استدعا ہے کہ انہیں پرول پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔