سندھ طاس معاہدہ بھارت کو بحال کرنا پڑے گا، ناصر خان جنجوعہ

13 مئی ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق مشیر قومی سلامتی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر انڈیا نے جو کام کیا ہے اس کو انہیں بحال کرنا پڑے گا،ہماری سرزمین پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھارت دہشت گردی کے نیٹ ورکس چلارہا ہے اسے اس سے بھی پسپا ہونا پڑے گا،تعداد میں کم ہونے پر بھی ہماری افواج نے بہترین معرکہ کر دکھایا ہے۔ جنگ ہماری فتح اللہ کی۔ہم نے اپنے دشمن کو اور پوری دنیا کو کر دکھایا ہے اس پر عوام الحمد للہ کہے۔سوال یہ ہے کہ اب کیا ہوگا تو اس میں تشویش اور فکر ہے تو اب بہت اچھا ہوگا۔ اس وقت کا فرعون جو ہم پر حاوی ہونا چاہ رہا تھااس کو ہم نے گلے سے پکڑ لیا ہے۔جو چیز درکار تھی وہ پاکستان نے کردی۔جو بھی ہوگا اس کی بھی فکر نہ کریں۔جو ہم نے کیا یہ صرف پہلا فیز تھا۔پہلے اور دوسرے فیز کی بے تحاشہ تیاری تھی۔اگر ہم یہ نہ کرتے تو ہمارا سر نیچے رہتا۔کیا ہے تو سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔ہر جنگ ختم ہوجاتی ہے ہمارے درمیان جو سلسلہ چل رہا ہے یہ بھی ایک دن ختم ہوجائے گا۔ہم نے ان کی تمام چیزوں کو ناکارہ کردیا۔سندھ طاس معاہدے پر انڈیا نے جو کام کیا ہے اس کو انہیں بحال کرنا پڑے گا۔ہم نے ان کو سمجھا دیا ہے کہ ایکٹ آف وار کیا ہوتا ہے۔ اس پورے موقع میں ہم نے بھارت کو بہت چیزیں سمجھا دیں ہیں سمجھ جائیں تو بہتر ہے۔ہماری سرزمین پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھارت دہشت گردی کے نیٹ ورکس چلارہا ہے اسے اس سے بھی پسپا ہونا پڑے گا۔ایٹمی قوت بننے کے بعد ہم نے ڈیٹرنس قائم کردی۔انڈیا کی جانب سے لمیٹڈ وار کا آغاز کیا گیا ۔ہم ان کو سمجھاتے رہے کہ جنگ محدودنہیں رہتی ہے۔یہ وہ خام خیال اور طاقت کا خمار تھا کہ یہ پہلگام اور اپنی طرف سے محدود جنگ کرنے کے لئے آئے تھے۔ہمیں محدود جنگ بھی قبول نہیں ہے۔ ان پر ایسا وار کیا ہے اور سمجھا دیا ہے کہ ہماری طرف منہ مت کرنا۔دونوں ممالک کے دفاعی بجٹ کا فرق دیکھ کر ہنسی آتی ہے۔ہم اپنے وطن کا دفاع بہت اچھے طریقے سے کرسکتے ہیں۔تعداد میں کم ہونے پر بھی ہماری افواج نے بہترین معرکہ کر دکھایا ہے۔الیکٹرانک وار فیئر میں ہم نے انڈیا پر سبقت حاصل کی۔ہم بھارت کے جہاز جام کرسکتے ہیں اور قریب آنے سے پہلے نشانہ بناسکتے ہیں۔رفال یقیناً ایک بہترین طیارہ ہے ۔ ٹیکنالوجی میں پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہے۔انڈیا کی ایئر فیلڈز جو پاکستان کی طرف لگتے ہیں وہ ہماری رینج میں ہیں۔ وہ اس سے بھی پیچھے چلے گئے ہیں کہ ہماری رینج میں نہ آئیں۔پاک فضائیہ نے فضائی بالادستی حاصل کرلی ہے۔ہماری مسلح افواج نے ان کو اپنے ہی گھر میں پچھلا دروازہ دکھا دیا ہے۔اگلے مرحلے میں اگر بھارت میزائل داغے گا تو ہم فضا میں ہی تباہ کردیں گے۔ہمارے بڑے میزائل نکلے تو ان کو جگہ نہیں ملے گی ۔پاکستان کو میزائل سسٹم میں بڑی سبقت حاصل ہے۔