پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کو نظر انداز کر دیا

13 مئی ، 2025

اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اس خطاب کو نظر انداز کر دیا ہے جس میں انہوں نے نام نہاد آپریشن سندور کے تناظر میں بیانات دیے، جس کے نتیجے میں بھارتی مسلح افواج کی تذلیل ہوئی۔ پیر کی شام کیے گئے خطاب پر حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے، لیکن اعلیٰ سطحی ذرائع نے بعد میں جنگ کو بتایا کہ مودی کا خطاب 22 اپریل کو شروع ہونے والی بھارتی فرضی فلمی کہانی کا دوسرا حصہ تھا اور 10 مئی اس کا عروج تھا۔ ذرائع نے یاد دلایا کہ مودی رحم کے مستحق ہیں کیونکہ وہ جوہری بلیک میل سے خوفزدہ تھے۔ ذرائع نے کہا کہ اس پوری مشق کے دوران کسی نے بھی جوہری ہتھیاروں کا ذکر نہیں کیا۔ پاکستان نے روایتی ہتھیار استعمال کیے۔ مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ بندوق اور ٹیکنالوجی کے پیچھے موجود انسان تھا، جسے پاکستان نے استعمال کیا، جس نے آپریشن کے نتائج کو بھارت کے لیے خوفناک بنا دیا۔ پیر کی شام تبصرہ کے لیے دفتر خارجہ کے ترجمان اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر شفقت علی خان سے رابطہ کیا گیا لیکن وہ دستیاب نہیں تھے۔