انصار عباسی
اسلام آباد : پاکستان کی بھارت کیخلاف فوجی کامیابی کے نتیجے میں کئی فوائد حاصل ہونے کی امید ہے، ان میں فوری طور پر مسلح افواج کیلئے عوام میں مقبولیت اور اس کا وقار بلند ترین سطح پر ہے اور اس کے ساتھ سیاسی و عسکری قیادت بالخصوص آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی مقبولیت میں اضافہ شامل ہے۔ وقت کے اس تاریخی موڑ پر بھارت کے ساتھ ہونے والی اپنی حالیہ فوجی لڑائی میں پاکستان کا فتح یاب ہونا ملکی تاریخ میں ایک اہم لمحہ ہے۔ اس کامیابی کے نتائج نے پاکستان بھر میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت کو مزید مستحکم کیا ہے۔ تجزیہ کار پاکستان کی اس کامیابی کو ایک نادر اور فیصلہ کن کامیابی قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس کامیابی کی وجہ سے ہی سویلین اور فوجی قیادت کیلئے عوام کی نظروں میں ان کی قدر میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں شہری مسلح افواج اور ان کی اعلیٰ کمان کو سراہنے سڑکوں پر نکل آئے۔ سیاسی حلقے پاکستان کی فتح کو ملک میں طرز حکمرانی (جسے عموماً ہائبرڈ ڈیموکریسی کہا جاتا ہے) کے فریم ورک کی مضبوطی کا عنصر سمجھ رہے ہیں جس میں منتخب سویلین حکومت حکمرانی کرتی ہے لیکن فوج بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پاکستان کی بھارت کیخلاف اس فتح نے اس ہائبرڈ ماڈل کے قیام کو مزید تقویت دی ہے جبکہ اپوزیشن قوتوں بالخصوص تحریک انصاف کا کردار مزید محدود ہوگیا ہے۔ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آئی زبردست تیزی ملک میں معاشی اور کاروباری سطح پر بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ مزید تیزی اس وقت آئی جب آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے حمایت کا اظہار کیا گیا اور ساتھ ہی تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاک فوج اور اس کی اعلیٰ کمان، جنہیں پی ٹی آئی کی شدید تنقید اور تضحیک آمیز مہم کا سامنا رہا ہے، عوامی سطح پر بھرپور حمایت اور تعریفیں سمیٹ رہی ہے۔ بھارت کے ساتھ تصادم کے دوران پاکستان کی فوج کی کارکردگی کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اسٹرٹیجک، نظم و ضبط اور اثر پذیری کے لحاظ سے بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ یہ لمحہ موجودہ پاور اسٹرکچر کو مزید مستحکم کرے گا، جس کی تشکیل وزیر اعظم شہباز شریف ( مسلم لیگ ن کے نواز شریف کی رہنمائی کے ساتھ) ، پیپلز پارٹی کےشریک چئیرمین اور صدر مملکت آصف علی زرداری اور جنرل عاصم منیر نے کی ہے۔ توقع ہے کہ یہ مضبوط قیادت معاشی بحالی اور استحکام پر اپنی توجہ برقرار رکھے گی۔ جس وقت یہ دیکھنا باقی ہے کہ پاکستان کی فوج کی اس کامیابی کے بعد تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں اپنے موقف کو کس طرح درست و تبدیل کرتی ہے، آئندہ کے نتائج بہت ہی واضح ہیں۔ پاکستان کی قیادت مضبوط ہو چکی ہے، جنرل عاصم منیر کو بے مثال مقبولیت حاصل ہے، اور مسلح افواج نے ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں اپنے مرکزی کردار کو شاندار انداز سے ثابت کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف، جو ایک موثر منتظم سمجھے جاتے تھے، اب عالمی سطح پر اپنا قد و قامت بلند کر چکے ہیں۔ پاکستان میں بین الاقوامی اعتماد بحال کرنے اور ملکی سیاسی قوتوں خصوصاً پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مربوط اتحاد برقرار رکھنے میں ان کے کردار نے وزیراعظم شہباز شریف کو اتحاد کی علامت اور قوت بنا دیا ہے۔
مزید خبریں
-
راولپنڈی ایران ، امریکا امن مذاکرات کےلیے غیر ملکی وفودکی آمد کے دوران پیر کوبھی راولپنڈی میں سیکیورٹی...
-
کراچی پیر کو ملک کے مختلف ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 108پروازیں منسوخ کی گئیں جن میں 82بین الاقوامی اور اندرون...
-
کراچی سفارتی و دفاعی ماہرین آصف درانی، منیر اکرم اور میجر جنرل زاہد محمود نے کہا ہے کہ امریکہ و ایران...
-
کراچی سینئر صحافی و تجزیہ کاروں کامران یوسف اور اعزاز سید نے کہا ہے کہ مذاکرات نہیں ہوتے تو یہ دنیا کیلئے بڑا...
-
اسلام آباداسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات، سکیورٹی کے پانچ سرکل ہونگے، امریکی شخصیات کی سیکیورٹی...
-
اسلام آ باد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم اقبال 21 اپریل 2026 پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال نے خودی،...
-
لاہورپنجاب میں ہمہ گیر قانونی اصلاحات میں پیش رفت، اہم مسودات قوانین کی منظوری، ماحولیاتی معاہدہ، عدالتی...
-
اسلام آباد وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزادنے کہاہے کہ چار سالہ مدت کے بعد بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں...