بھارتی جارحیت کے خلاف حمایت پر شکر گزار ہیں، ترکیہ کے ساتھ دوستی کو معاشی تحریک میں بدل دینگے، وزیر اعلیٰ مریم نواز

19 مئی ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے پر تپاک خیر مقدم کرتے ہوئےبھارتی جارحیت پر ترکیہ کی پاکستان کی دوٹوک حمایت پر اظہار تشکر کیا، مریم نواز نے کہا صدررجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ”ہم اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں“دلوں میں نقش ہو چکا ہے۔ ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر حالیہ غیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان اور ترکیہ صرف اتحادی نہیں بلکہ ایمان، ثقافت اور تاریخ میں جُڑے ہوئے بھائی ہیں ، پنجاب ترکیہ کے ساتھ دوستی کو معاشی تحریک میں بدلنے کے لیے مکمل طورپرتیارہے۔پنجاب کے پاس برآمدات کی بے مثال صلاحیت، سرمایہ کار دوست،انفرااسٹرکچراور دیگر بہترین مواقع موجود ہیں ، پاک ترکیہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ پاک ترکیہ باہمی رشتہ وقت کی آزمائشوں میں کندن ہو کر مزید مضبوطی اور کامیابیوں کی نوید دے رہا ہے،وزیرِ اعلیٰ نے عجائب گھر کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ عجائب گھر ماضی اور حال کے درمیان ایک پل ہیں۔پنجاب کے میوزیم تاریخی و نایاب ذخائر اور دنیا کے مختلف خطوں کی ثقافت کے مراکز ہیں -