وفاقKP کودیےفنڈزآڈٹ تک مزید ادائیگیاں روک دے،عظمیٰ بخاری

19 مئی ، 2025

لاہور (خصوصی نما ئندہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نےوفاق سے مطالبہ کیا کہ کے پی حکومت کو دیے گئے تمام فنڈز کا فوری آڈٹ کرایا جائے۔ گنڈا پور کے کریڈٹ پر وفاق اور پنجاب پر تین حملے ہوئے، انکے نعرے بھیانک مذاق بن چکے ہیں جب تک خیبرپختونخوا حکومت اپنے پچھلے فنڈز کا حساب نہیں دیتی، وفاق کو ان کے لیے مزید ایک دھیلہ بھی جاری نہیں کرنا چاہیے، صوبے کا عوامی سرمایہ احتجاجی تحریکوں اور من پسند ٹھیکیداروں کی نذر ہو رہا ہے۔خیبرپختونخوا حکومت کا سولر پینل منصوبہ کرپشن، کمیشن مافیا اور غیر شفافیت کی ایک واضح مثال ہے جومبینہ طور پر دو ارب روپے کی کمیشن کی نذرہو چکا ہے،8 ماہ قبل علی امین گنڈاپور نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا، لیکن حیران کن طور پر منصوبے کے پی سی ون کی منظوری سے قبل ہی ٹینڈر جاری کر دیے گئے۔ خیبرپختونخوا میں عوامی مفاد کے منصوبے یا تو بنتے ہی نہیں، اور اگر کوئی بن بھی جائے تو وہ حصہ داروں کی لڑائی کی نذر ہو جاتے ہیں ،عظمیٰ بخاری نے کہا کہ "تبدیلی" اور "سونامی" جیسے نعرے پختون عوام کے ساتھ ایک بھیانک مذاق بن چکے ہیں اور ان کے نتائج ناقابلِ تلافی نقصان کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔ گنڈا پور کے کریڈٹ پر صرف وفاق اور پنجاب پر تین ناکام حملے ہیں۔