166میں سے صرف 58سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس فعال ہیں، فافن

19 مئی ، 2025

کراچی(این این آئی)پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی آن لائن موجودگی اور شفافیت سے متعلق فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن)کی تازہ رپورٹ نے تشویشناک انکشافات کیے ہیں۔فافن کی رپورٹ کے مطابق ملک کی 166 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے صرف 58 کی ویب سائٹس جزوی یا مکمل طور پر فعال ہیں، جو مجموعی تعداد کا محض 35 فیصد بنتا ہے۔ جماعت اسلامی کی ویب سائٹ سب سے معلوماتی قرار دی گئی جبکہ پی ٹی آئی کی ویب سائٹ وی پی این کے ذریعے ہی قابلِ رسائی ہے۔فافن کے مطابق سیاسی جماعتوں کی اکثریت آئینی تقاضوں کے باوجود اپنی ویب سائٹس پر بنیادی معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ صرف 40 جماعتوں نے اپنے مرکزی عہدیداران کی فہرستیں شائع کیں جب کہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات صرف 6 جماعتوں نے مہیا کی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سیاسی جماعتوں کی معلوماتی ذمہ داریوں کا متبادل نہیں بن سکتے۔ رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کی ویب سائٹ معلومات کی دستیابی کے اعتبار سے سب سے آگے ہے، جہاں 30 میں سے 18 اقسام کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اسکے برعکس، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (پی پی پی پی)کی ویب سائٹ نے 12 پوائنٹس، پاکستان مسلم لیگ(ن)نے 11، عوامی نیشنل پارٹی نے 9، جبکہ حق دو تحریک بلوچستان(ایچ ڈی ٹی)اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم-پی)نے 8، سنی اتحاد کونسل اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی(پی کے ایم اے پی)نے 7، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان(جے یو آئی پی)نے 6، مجلس وحدت المسلمین(ایم ڈبلیو ایم)نے 5، بلوچستان عوامی پارٹی نے 4 اور پاکستان مسلم لیگ قائد(پی ایم ایل-ق)نے صرف 1 پوائنٹ حاصل کیا۔ پارلیمانی نمائندگی سے محروم جماعتوں میں پاکستان تحریک شادباد (پی ٹی ایس)نے 13 پوائنٹس کے ساتھ سبقت حاصل کی۔