IMF کی بجٹ میں انٹرنل کمبشن انجن گاڑیوں پر سپلیمنٹری ٹیکس کی شرط

19 مئی ، 2025

اسلام آباد (مہتاب حیدر) آئی ایم ایف نے ریزیلینس سسٹین ایبلٹی فسیلٹی فنڈنگ کے تحت طے شدہ شرائط کو پورا کرنے کے لیے آئندہ بجٹ میں اندرونی احتراقی انجن والی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی شرط لگا دی ہے۔ آئی ایم ایف نے پنجاب اور سندھ میں آبپاشی کے پانی کے ٹیرف میں رد و بدل کا ایک نظام متعارف کروانے کا مطالبہ کیا ہے، جس کا مقصد فروری 2027 تک آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کی عملیاتی اور مرمت کی لاگت وصول کرنا ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کی ریزیلینس سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے تحت شرائط پوری کرنے کے لیے 13 شرائط پر عملدرآمد کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ آئی ایم ایف کی اسٹاف رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اتفاق کیا ہے کہ وہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ قانون کے تحت ایک ریونیو نیوٹرل اسکیم اپنائے گا، جس میں الیکٹرک وہیکل کے لیے سبسڈی اور اندرونی احتراقی انجن والی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس شامل ہوگا۔ یہ اقدام نئی انرجی وہیکل پالیسی 2025-2030 کے مطابق ہوگا۔ پاکستان نے اتفاق کیا ہے کہ وہ عوامی سرمایہ کاری کے طریقہ کار اور معیار میں ماحولیاتی تبدیلی (مطابقت اور تدارک) کے وزن کو کم از کم 30 فیصد تک بڑھائے گا، تاکہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں موسمیاتی عوامل کو بہتر طور پر مدنظر رکھا جا سکے۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وفاقی سطح پر موسمیاتی بجٹ ٹیگنگ فریم ورک کو توسیع دی جائے گی تاکہ گرانٹس اور سبسڈیز پر ہونے والے اخراجات کو بھی شامل کیا جا سکے، اور یہ بجٹ ٹیگنگ کا نظام صوبوں کے اخراجات تک بھی وسیع کیا جائے گا۔ قومی آفتی خطرات سے نمٹنے کی مالیاتی حکمتِ عملی کے تناظر میں آئی ایم ایف کی شرط ہے کہ ایک عملدرآمدی فریم ورک اپنایا جائے جو وفاقی اور صوبائی سطح پر آفات سے نمٹنے کی مالی ضروریات کو قومی سطح کی خطرات کی درجہ بندی کی حکمت عملی کا حصہ بنائے۔ اس کے علاوہ، شرط یہ بھی ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان آفتی مالیاتی امور کے لیے ایک مؤثر رابطہ کاری کا نظام قائم کیا جائے تاکہ وسائل کی تقسیم اور فوری ردعمل میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اس بات کا پابند ہے کہ وہ ماحولیاتی خطرات سے متعلق مالیاتی رسک مینجمنٹ کے لیے ہدایت نامے جاری کرے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ یہ ہدایت نامے کمرشل بینکوں پر لاگو ہوں گے جو اسٹیٹ بینک کی نگرانی میں کام کر رہے ہیں۔ یہ اقدام 2022 کے بی سی بی ایس کے اصولوں کے مطابق ہوگا، جن کا مقصد ماحولیاتی خطرات کے مؤثر انتظام اور نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔ وزارت خزانہ پاکستان کے تازہ ترین این ڈی سی کے مطابق ڈھالے گئے سبز مالیات کی درجہ بندی کو حکم نامے کے ذریعے اپنائے گی۔ اختیار کردہ درجہ بندی کی بنیاد پر، ایس ای سی پی انکشاف کے رہنما خطوط جاری کرے گا تاکہ درج کمپنیوں کو آب و ہوا سے متعلق خطرات اور مواقع کی معلومات، بشمول درجہ بندی کے مطابق ڈیٹا، ظاہر کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔