فیصلے کی گھڑی آپہنچی، عدم اعتماد پرووٹنگ آج،ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ، جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی، وزیراعظم نے نوجوانوں کو احتجاج کی کال دیدی

03 اپریل ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز، ایجنسیاں) تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہوگی، اسلام آباد انتظامیہ نےفیصلہ امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریڈ زون میں دفعہ 144نافذ کردی ہے جس کے تحت جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی لگادی گئی ہے،اس کے علاوہ ایک سے زائد افراد کے جمع ہونےاور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ہے، جس کا نفاذ فوری طور پر ہوگا،انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ خیال رہے کہ اتوار 3 اپریل کو قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی اور اس موقع پر ہنگامہ آرائی کا خدشہ بھی جاری کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قوم سے براہ راست ٹیلی فونک گفتگو سے قبل اپنے پیغام میں نوجوانوں کو احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہےکہ اپنے مستقبل کے لیے کل سڑکوں پہ آکر احتجاج کریں، قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ تباہی کے راستے پر جانا ہے یاعظمت کی راہ پر۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک آج اہم دوراہے پر کھڑا ہے، عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کدھر کھڑے ہوتے ہیں، نیوٹرل ہونے کا مطلب ہے کہ آپ برائی کے خلاف کھڑے ہیں، ہمیں اچھائی کے ساتھ کھڑا ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے کیلئے بکروں کی طرح نیلامی ہو رہی ہے، حکومت کیخلاف عالمی سازش ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ اس سازش کے خلاف اپنے مستقبل کے لیے احتجاج کریں، اگر سازش کامیاب ہوگئی تو کوئی بھی باہر کی قوت ناپسند پاکستانی حکومت کو پیسوں کے ذریعے گرادے گی، احتجاج کریں یہ آپ کا حق ہے، اپنےمستقبل کو بچانے کیلئے نکلیں، یہ احتجاج پرامن ہوگا۔ بعد ازاں عوام سے براہ راست ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے اور عوام کے سوالوں کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج سے میرا کوئی مسئلہ نہیں، فوج نے نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا، کہا ہم سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے، ہم ان کے فیصلے کی ہم قدر کرتے ہیں، جب میں امر بالمعروف کی بات کرتا ہوں تو وہ پوری قوم کیلئے کہتا ہوں، پاکستان کی فوج مضبوط فوج ہے ہمیں اس پر فخر ہے ، دشمن کوشش کرتے رہے ہیں کہ ملک ٹوٹ جائے، مضبوط فوج ضروری ہے ، ہمیں اس فوج کی بہت ضرورت ہے،فوج ہمارے لیے قربانیاں دیتی رہی ہے ،فوج کے خلاف کوئی تنقید نہ کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ تاریخ ان غداروں کو نہ بھولے، پہلے سے ان کو پتا ہے کہ عمران خان ہٹےگا تو ʼشوباز شریف وزیراعظم بنےگا، شہبازشریف نے پہلے ہی پاکستانی قوم کو بھکاری بنا دیا ہے، یہ ہمیشہ ان کی غلامی کریں گے،ان کا پیسا باہرپڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا سے بات کر رہا ہوں سازش میں شامل ہر ایک کے خلاف کارروائی کریں گے، امریکا نے پاکستان میں حکومت بدلنےکی کھلی سازش کی ہے،اس کھلی سازش کو کامیاب بنانا سب سےبڑاجرم ہوگا،جس بے شرمی سے انھوں نے قوم کے ساتھ غداری کی ثابت ہوگیا کہ باہر سے سازش ہے ، سرکاری دستاویز ہے کہ عمران خان کو ہٹائیں گے تو امریکا سے تعلقات اچھے ہوجائیں گے۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کی صورت میں تحریک عدم اعتماد کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد غیر ملکی سازش ہےجو ناکام ہوگی، عوام ہمارے ساتھ ہیں اور اپوزیشن عوام سے مسترد شدہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے تحریک عدم اعتماد کےخلاف فیصلہ سنا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمیر بیچنے والے عوام کے سامنے آگئے ہیں۔