پاکستان اور امارات کے دوطرفہ تجار تی حجم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

03 اپریل ، 2022

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اوریواے ای کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جاری مالی سال میں یواے ای کوپاکستانی برآمدات میں 25 فیصد جبکہ یواے ای سے درآمدات میں 29.27 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے فروری 2022تک کی مدت میں یواے ای کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.180ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 25 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یواے ای کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 944.57 ملین ڈالر تھا، فروری میں متحدہ عرب امارات کوبرمدآت سے ملک کو182.54 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا ۔ جولائی سے فروری 2022 تک کی مدت میں یواے ای سے 5.59 ارب ڈالرزکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.33 ارب ڈالرتھیں ، مالی سال 2021 میں یواے ای سے درآمدات پر 6.951 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا تھا۔