عدم اعتماد لانےوالی تمام جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے،شیخ رشید،اسٹیبلشمنٹ سے مداخلت کی اپیل

03 اپریل ، 2022

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی غیرملکی سازش میں ملوث جماعتوں پر غداری کے مقدمے قائم کر کے انہیں کالعدم قرار دیا جائے، انہوں نے اسٹبلشمنٹ سے مداخلت کی اپیل کی اور کہا کہ فواد چوہدری وزیر قانون ہیں، وہ بغاوت کے مقدمے کی درخواست بھیجیں تو میں ابھی دستخط کردوں گا،ملک کو آگے لے جانے کا الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں ، اسٹیبلشمنٹ مداخلت کر کے رمضان یا حج کے بعد فوری انتخابات کرائے، فوری انتخابات نہیں ہوتے پی ٹی آئی اراکین استعفیٰ دے دیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ اس ملک کو آگے لے جانے کا الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے، 172 لوگوں میں جو منحرف ہوئے ہیں وہ اس قابل نہیں رہے کہ اپنے علاقوں میں جا سکیں تو وہ قوم کی ترجمانی کیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل میں بہت واضح ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے تو وزیراعظم عمران خان صدر کے اختیارات کے ساتھ کام جاری رکھیں گے البتہ آئین اس حوالے سے خاموش ہے کہ وہ کتنے دن کام جاری رکھیں گے۔انہو ں نے کہاکہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ جن دونوں باپ بیٹے پر 18فروری کو 16ارب کی فرد جرم عائد ہونی تھی، وہ چور اور ڈاکو ایک صوبے اور ایک مرکز میں امیدوار ہیں، یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالیں گے تو خوشی سے ڈالیں، ہمارے کونسے ایون فیلڈ میں فلیٹ ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن والے پھنس گئے ہیں کیونکہ عمران خان بیٹھے بٹھائے مقبول ہو گیا ہے حالانکہ ہم نے بھی بہت غلطیاں کی ہیں لیکن اس بے وقوفی کی وجہ سے لوگ ان کے چہرے نہیں دیکھنا چاہتے۔انہوںنے کہاکہ اب دو ہی راستے ہیں، پہلا یہ کہ ملک میں انتخابات کرا دیے جائیں اور دوسرا یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام 155 سے 160 لوگ اسمبلی کی نشستوں سے مستعفی ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں ریٹائر ہونا چاہتا تھا لیکن ایسے وقت میں مجھے اور زیادہ متحرک ہونا ہے، ان چوروں کو بے نقاب کرنا ہے جن کا عدالتیں بھی کچھ نہیں بگاڑ سکیں، عدالتیں 18فروری کو فرد جرم عائد نہیں کر سکیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر وزیراعظم کے خلاف غیرملکی سازش ہے تو جن لوگوں نے کی ہے ان جماعتوں پر غداری کے مقدمے کیے جائیں، ان کی جماعتوں کو پر پابندی عائد کر کے کالعدم قرار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اب چار آپشن ہیں جن میں ایک یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور رمضان یا حج کے بعد ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں، دوسرا یہ کہ ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے جنہوں نے غیرملکی طاقتوں سے پیسے لے کر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔انہوںنے کہاکہ تیسرا حل یہی ہے کہ اگر یہ الیکشن نہ کرائیں تو تمام پی ٹی آئی کے لوگ نشستوں سے مستعفی ہو جائیں، یہ دیکھتا ہوں یہ ملک کیسے چلاتے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ آخری حل یہ ہے کہ میں اداروں سے براہ راست درخواست کرتا ہوں کہ اس ملک کی سلامتی کا سوال پیدا ہو گیا ہے، لڑائی گلی محلے میں چلی گئی ہے، ملک اس کا متحمل نہیں ہے۔