سعودی عرب اور قطر پاک امریکہ کشیدگی ختم کرانے کیلئے سرگرم

03 اپریل ، 2022

کراچی (جنگ نیوز) سعودی عرب اور قطر نے پاکستان اور امریکہ کی حالیہ کشیدگی کو ختم کرانے کے لئے پاکستان کے مقتدر حلقوں اور امریکی محکمہ سلامتی و تعلقات عامہ کے اعلیٰ حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے،جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، امریکہ کے ساٹھ برس پرانے تعلقات کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے حکام اپنی زبان پر کنٹرول کریں، بلا وجہ کی جارحانہ گفتگو پر احتیاط کی ضرورت ہے۔ امریکی حلقوں میں پاکستان کے اندر بلا وجہ کے الزامات اور ذاتی وجوہ کی وجہ سے حالات کو خطرات سے دوچار کیا گیا ہے، پاکستان کے لئے اب ضروری ہے کہ وہ بہت احتیاط سے کام لے، پاکستان کے پڑوس میں بھی سرحدی حالات خاصے خراب ہیں، ایسے میں پاکستان کے سیاست دانوں کو بہت سنبھل کر چلنا ہوگا، بہت ہی احتیاط سے کام کرنا ہوگا، ایسے حالات بنتے جارہے ہیں کہ پاکستان کو تنہائی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، ایسے عناصر اپنا کام کررہے ہیں، دونوں ملکوں کی جانب سے بہتری کے لئے اقدامات ہونا ضروری ہے۔سعودی عرب اور قطر کے حکام نے اس حوالے سے پاکستان کے مقتدر حلقوں کو کہا ہے کہ وہ امریکہ کے خلاف بلا وجہ کےالزامات سے گریز کرے۔ایک اطلاع ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو امریکہ سخت فیصلے، سخت گیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سفارتی مشن میں فوری کمی کردے گا، جس سے پاکستانی کمیونٹی کو خاصا نقصان ہوگا۔افغانستان سے امریکہ کے چلے جانے سے پہلے ہی پاکستان پر خاصا بوجھ ہے، ایسے میں پاکستانی قیادت کو بہتر فیصلے کرنا ہوں گے۔