عدم اعتماد: حکومت آئینی عمل میں تاخیر کر رہی ہے ،پاکستان بار کونسل

03 اپریل ، 2022

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان بار کونسل کا کہنا ہے کہ حکومت عدم اعتماد کے آئینی عمل میں تاخیر کی کوشش کر رہی ہے۔پاکستان بار کونسل کے وائس چیرمین حفیظ الرحمان چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان کشیدگی سے غیر سیاسی قوتوں کے لیے راہ ہموار ہو سکتی ہے، پہلے سے کمزور جمہوری نظام سے غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔حفیظ الرحمان چوہدری کا کہنا ہے کہ ناتجربہ کار حکومت عدم اعتماد کے آئینی عمل میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔وائس چیرمین پاکستان بار کونسل نے کہا کہ ریاستی مشینری جمود کا شکار ہے لہذا چیف جسٹس پاکستان موجودہ صوتحال کا نوٹس لیں تاکہ آئینی اور جمہوری روایات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے جمہوری عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے 3 اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا۔اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے ان کے پاس نمبرز پورے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا اور آخر دم تک ان کا مقابلہ کروں گا۔