افغانستان میں دو بم دھماکے ،6بچوں سمیت 11افراد جاں بحق

03 اپریل ، 2022

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے صوبوں ہرات اور ہلمند میں ہونے والے بم دھماکوں میں 6بچوں سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہرات میں کھیل کے ایک میدان میں اس وقت دو بم دھماکے ہوئے جب وہاںنوجوان اور بچے کھیل رہے تھے۔ میدان میں دو بم اور بھی نصب تھے جنھیں بم ڈسپوزل کے عملے نے ناکارہ بنادیا۔ دھماکوں میں ایک بچہ اور 5 نوجوان جاں بحق ہوگئے جب کہ 3 لڑکے شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ جنوبی صوبے ہلمند میں بھی کھیل کے ایک میدان میں مارٹر گولہ پڑا تھا جسے ناکارہ سمجھ کر بچے کھیل رہے تھے اور اسی دوران گولہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5بچے جاں بحق ہوگئے۔ طالبان اہلکاروں نے دونوں واقعات کے بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ہرات میں پھٹنے والا بم بارودی سرنگ تھی جو زیر زمین بچھائی گئی تھی۔