امریکہ ہماری سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ، تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، آرمی چیف

03 اپریل ، 2022

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ،جنگ نیوز)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے،ہمارے اس کے ساتھ بہترین تعلقات کی لمبی تاریخ ہے، پاکستان کسی کیمپ پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا، ہمارے تمام ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات ہیں،بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا تشویش ہے ، پاکستان نے بھارت کے میزائل گرنے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے،بھارت دنیا کو بتائے کیا اسکے ہتھیار محفوظ ہیں،مسئلہ کشمیر کا ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی سے حل چاہتے ہیں، کنٹرول لائن پر ایک سال سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،یوکرین کیخلاف روسی جارحیت افسوس ناک ہے،سیز فائر اور ڈائیلاگ کی فوری ضرورت ہے، یوکرین کیلئے امداد بھیجنا کسی کی حمایت کے مترادف نہیں ،پابندیوں کی بجائے افغانوں کے مثبت رویئے کو بھی ملحوظ خاطر رکھاجائے، شہریوں کی خوشحالی اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھیں گے، ہم عالمی سلامتی کے ذریعے ہی اپنے مشترکہ مفادات حاصل کر سکتے ہیں۔ہفتہ کوسیکورٹی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے رواں سال اپنی پہلی نیشنل سکیورٹی پالیسی بنائی ہے جو انسانی اور اقتصادی سلامتی کو حاصل کرنے کا سبب بنے گی۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں دوسری بار اس سکیورٹی ڈائیلاگ میں خطاب کر رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ماننا ہے کہ ہمیں مل کر تصادم کے بجائے عالمی تعاون کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں، اس ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے ممالک مل کر سلامتی کے آئیڈیاز پیش کرتے ہیں۔