پنجاب ڈویلپمنٹ پلان،ڈھائی سوارب فنڈزکااعلان،مجرموں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے،وزیراعلیٰ مریم نواز

22 مئی ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کوپہلے جامع اور منفردبیوٹی فکیشن پلان اور ہر پراجیکٹ کے بارے میں خودتین گھٹنے طویل بریفنگ دی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت ہر ڈسٹرکٹ کے بازاروں میں لٹکتے بے ہنگم بجلی کے تار انڈر گراؤنڈ کیے جائیں گے۔ ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں ریڑھی بازار قائم ہوگا اور مختلف شہروں میں کینالز کوبھی سجایا جائے گا ، بازاروں کی ری ماڈلنگ، انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی اور فوڈ سٹریٹ بھی قائم کی جائیں گی، ارکان اسمبلی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور قائد محمد نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان لانے کا اعلان کیا۔ 60-شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اسی سال مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اگلے سال سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کیلئے ڈھائی سو ارب کے فنڈز دینے کا اعلان کیا گیا۔ 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دینے ، سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کرنے ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس جلد شروع کرنے،نادار اور ضرورت مندوں کے لئے راشن کارڈ جلد لانچ کرنے، ہر بڑے شہر میں واسا قائم کرنے۔ہرڈویڑن میں سینٹر آف ایکسی لنس کنڈرگارٹن کیمپس بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی۔ کوئی ڈسٹرکٹ یا تحصیل بیوٹی فکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے ۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ ہم بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور بلاجواز جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہیں اجلاس اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہے جس نے 6 اور 7 مئی اور پھر 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کا جدید ہتھیاروں اور جنگی جنون کا غرور خاک میں ملا دیا۔ اجلاس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت پاک فوج کے افسران، جوانوں، انٹیلی جنس اداروں ، مسلم لیگ (ن) کے قائد جناب محمد نوازشریف ،وزیراعظم محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔اجلاس خاص طورپر بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی بے مثال عسکری قیادت، بھارتی کو جنگ کے میدان میں شکست دینے کی بہادری، بہترین عسکری حکمت عملی کی تیاری پر فیلڈ مارشل کا اعلی ترین عسکری اعزاز دینے کو سراہتا ہے اور ان کو مبارک دیتے ہوئے سمجھتا ہے کہ یہ اجتماعی طورپر افواج پاکستان کی بہادری کے اعتراف کا مظہر ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیااور خضدار میں اسکول وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل گھڑی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ، دہشت گردوں کے خلاف اقدامات میں معاونت،زخمی افراد کے علاج میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔