اسلام آباد(فخردرانی )30 اکتوبر 2022 کو معید پیرزادہ نے پاکستان چھوڑا، جان کو لاحق خطرات کا دعویٰ کرتے ہوئے برطانیہ پہنچے، جہاں انہوں نے بیان دیا کہ وہ مسلسل مقام تبدیل کر رہے ہیں تاکہ خطرات سے بچ سکیں۔مگر حیرت انگیز طور پر، ملک چھوڑنے کے دس ماہ سے بھی کم عرصے میں وہ امریکہ کے مہنگے علاقے پوٹومیک، میری لینڈ میں ایک 2 کنال کا پرتعیش گھر خریدنے میں کامیاب ہو گئے، جس کی قیمت $1.05 ملین (یعنی 10 لاکھ 50 ہزار ڈالرتھی۔معید پیرزادہ نے سابقہ ٹوئٹر X پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے برطانیہ میں اپنا پرانا خاندانی گھر فروخت کر کے یہ امریکی پراپرٹی خریدی۔تاہم، یوکے کمپنیز ہاؤس اور یوکے لینڈ رجسٹری سے حاصل شدہ عوامی ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ جائیداد ان کی اہلیہ نے 2006 میں خریدی اور اپریل 2023 میں فروخت کی۔ لیکن یہ اثاثہ پاکستان میں کبھی ظاہر نہیں کیا گیا، جو پاکستان کے ٹیکس قوانین کے مطابق اثاثہ چھپانے کا واضح کیس بنتا ہے۔اس کے ساتھ ہی پاکستانی ریکارڈز سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی اہلیہ کی کوئی ظاہر شدہ آمدنی نہیں۔ صرف دس ماہ کے اندر، انہوں نے سیکیورٹی خطرات کا دعویٰ کیا اور پھر امریکہ کے پوش علاقے میں جائیداد خرید لی۔عوامی ریکارڈز سے پتہ چلتا ہے کہ ڈاکٹر معید حسن پیرزادہ — جو ایک صحافی اور یوٹیوبر ہیں — اور ان کی اہلیہ نے یہ لگژری گھر مشترکہ طور پر خریدا۔عمران خان کی برطرفی کے بعد، ڈاکٹر معید — جو برطانوی پاکستانی دوہری شہریت رکھتے ہیں — نے اپنے یوٹیوب چینل پر عمران خان کے حق میں مہم شروع کی۔ کچھ ہی عرصے بعد، انہوں نے گرفتاری کے خدشے کا اظہار کیا اور چپ چاپ پاکستان چھوڑ دیا۔https://www.homes.com پر موجود عوامی معلومات کے مطابق، یہ 2 کنال کا مکان 4 بیڈ روم، 2.5 باتھ روم، نجی دفتر، علیحدہ لیونگ اور فیملی رومز، ایک خوبصورت باغ اور دو الگ گیراج پر مشتمل ہے۔یہ مکان جولائی 2023 میں لسٹ ہوا اور 15 اگست 2023 کو نجمیٰ ناہید پیرزادہ اور معید حسن پیرزادہ کے نام منتقل ہوا۔اس کے بعد سے جائیداد کی مالیت میں $131,550 کا اضافہ ہو چکا ہے، اور موجودہ اندازاً قیمت $1.2 ملین بتائی جا رہی ہے۔homes.com کے مطابق، 1972 میں تعمیر شدہ یہ مکان $965,000 میں لسٹ ہوا تھا، مگر $1,055,000 میں خریدا گیا۔نیو لینڈ ریکارڈز کے مطابق، معید پیرزادہ اور ان کی اہلیہ نے موومنٹ مورگیج کے ساتھ $550,000 قرض) پر دستخط کیے، جس پر 6.78 فیصد سود طے ہوا۔جب اس نمائندے نے یہ سوال بھیجا کہ:"آپ نے $505,000 کی ڈاؤن پیمنٹ کس طرح کی؟"تو اس پر معید پیرزادہ نے X ٹوئٹر) پر جواب دیا کہ یہ رقم برطانیہ میں ان کے پرانے خاندانی گھر کی فروخت سے حاصل کی تھی۔یوکے لینڈ رجسٹری کے مطابق، ان کی اہلیہ نے 13 اکتوبر 2006 کو ایک جائیداد £420,000 میں خریدی۔بعد ازاں، اس پر 3 نومبر 2008 کو ایک چارج (یعنی قرض یا گروی) بھی رجسٹر ہوا۔اس نمائندے نے معید پیرزادہ کو 13 نکات پر مشتمل سوالنامہ ای میل، امریکی فون نمبر، اور پاکستانی واٹس ایپ نمبر پر بھیجا، لیکن انہوں نے جواب دینے کے بجائے صرف ٹوئٹر پر بیان جاری کیا:"ہم نے برطانیہ میں اپنا پرانا خاندانی گھر فروخت کیا اور قانونی بینکنگ ذرائع سے رقم منتقل کی۔" بعد ازاں دی نیوز نے پیرزادہ اور ان کی اہلیہ کو چار اضافی سوالات بھیجے، مگر ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔