رمضان المبارک کا آغاز، مختلف مقامات پر عارضی دکانیں و سٹالز قائم

03 اپریل ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں استقبال رمضان کی تیاریاں مکمل ، شہر کے مختلف مقامات پر خوردنی اشیا کی عارضی دکانیں سج گئیں، اشیا کی قیمتیں بےقابو،پرائس کنٹرول کمیٹیاں غائب،تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کی آمدکے سلسلے میں شہر کے مختلف وسطی و نواحی علاقوںمیں اسٹالز عارضی دکانیں اور ریڑھیاں سجا لی گئی ہیں جس میں پھل، سبزیاں، بوتلیں، مشروبات، کھجوریں اور مختلف اقسام کے اچار و دیگر اشیاء شامل ہیں فروخت کئے جارہے ہیں واضح رہے کہ ہر سال ماہ رمضان میں عارضی دکانیں سٹالزلگائے جاتے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے عوام گرانفروشوں کے رحم وکرم پر ہیں اور مہنگے داموں اشیا خریدنے پر مجبور ہیں قابل افسوس امر یہ ہے کہ غریب عوام کا کائی پرسان حال نہیں ستم ظریفی یہ ہے کہ تمام اشیاء مارکیٹ ریٹ سے زائد پر فروخت کی جارہی ہیں جبکہ ان کامعیار بھی اچھا نہیں انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفرشوں کیخلاف سخت کارروائی کریں اور دکانداروں ریڑھی بانوں اور اسٹالز مالکان کو سرکاری نرخنامہ کا پابند کریں۔