گرانفروشوں کا ’’استقبال رمضان‘‘ خوردنی اشیاء کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے

03 اپریل ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)رمضان المبارک کی آمد خوردنی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،صوبائی دارالحکومت میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا،گرانفروشوں نے سرکاری ریٹ ہوا میں اڑادئیے،عوام گرانفروشوں کے رحم و کرم پر ،غیر معیاری پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا،تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کی آمدکے ساتھ ہی دکانداروں ریڑھی بانوں نے دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹناشروع کردیا ہےاور غیر معیاری خوردنی اشیا مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں مارکیٹ سروے کے مطابق سبزیوں میں مٹر 100 ، کد و کلو80 ،شملہ مرچ200، ٹماٹر80 ،پھول گوبی 100 بند گھوبی 80کھیرا 60روپے،آلو 60 روپے فی کلو،توری 120،کریلے 180 روپے کلو،بھنڈی 180بینگن60روپے فی کلو تک فروخت ہوئے جبکہ پالک بنڈل40روپے تک فروخت کی گئی اسی طرح 5 کلو پیاز250روپے فروخت کئے گئے اور ایک پائو لیموں100سبز مرچ100ادرک 80لہسن 80روپے تک فروخت ہوا پھلوں میںمالٹا 140 ،چیکو 120 سے 140روپےکلو،تربوز 60،خربوز 80 سے 100 روپےتک فروخت ہوئے، کیلا درجن 80سے100روپے،پپیتا 140 سے 160روپے کلو،اسٹابیری ڈبہ 70سے80 روپے تک فروخت ہواعوامی و سماجی حلقوں نے حالیہ مہنگائی کی لہر پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کے باعث نان شبینہ کے محتاج ہو کررہ گئے ہیں غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ریڑھی بانوں دکانداروں نے ہر چیز کے خودساختہ نرخ مقرر کر رکھے ہیں انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور رمضان میں قیمتوں کو استحکام میں لانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔