نقل کا ناسور معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے‘شوکت علی سرپرہ

03 اپریل ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کنٹرولر بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بلوچستان پروفیسر شوکت علی سرپرہ نے کہا ہے کہ نقل کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ذہین طلباء اور طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری کی ہدایت پر اسپیشل ہائی اسکول میں نہم اور میٹرک کے امتحانی سینٹر کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ، پروفیسر شوکت علی سرپرہ نے کہا کہ بلوچستان بورڈ صوبے میں نہم اور دہم کے امتحانات میں نقل کے روک تھام کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہا ہے اس سلسلے میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو امتحانی سینٹرز کے اچانک دورے کررہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ نقل کا ناسور ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے جس کے خاتمے کیلئے طلباء ، والدین سمیت ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان بورڈ نقل کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ذہین طلباء اور طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہا ہے ۔