وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی ‘ دائود شاہ

03 اپریل ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف یوتھ ونگ بلوچستان کے صدر داود شاہ نے کہا ہے کہ ماضی میں ایک دوسرے پر الزامات لگانے والے آج مل کر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لاکر سازش کررہے ہیں جو ناکام ہوگی ،پارٹی کا ہر کارکن عمران خان کی قیادت میں متحد ہے ،یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ سترسال سے کرپٹ مافیا نے پاکستان کے عوام پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے ، کبھی قوم پرستی تو کبھی مذہب کے نام لوگوں کو تقسیم کیا ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں پاکستان کو پہلی مرتبہ حقیقی لیڈر ملا جس نے ہماری شناخت کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا ، امریکی غلامی سے انکار کرنے پر ان کے خلاف سازشیں کرکے ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نے ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا اور ان کے ساتھ رہیں گے عوام نے بھی 27 مارچ کو اسلام آباد میں آکر وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا اوراب بھی اپوزیشن کی تحریک ناکام ہوگی ۔