غیرنصابی سرگرمیاں مثبت رجحانات کو جمنم دیتی ہیں، ڈاکٹر شفیق الرحمٰن

03 اپریل ، 2022

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جامعہ بلوچستان کےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے کہاہے کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلباء میں مثبت رحجانات کو جنم دیتی ہیںجامعہ بلوچستان نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے۔ جس کے تحت شعبہ اسپورٹس نے جامعہ کے تحت انٹر فیکلٹی کھیلوں کا انعقاد کرکے طلبا و طالبات کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز جامعہ بلوچستان کے انٹر فیکلٹی کھیلوں کے ٹورنامنٹ 2022کے انعقاد کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہاکہ کھیل انسانی صحت اور بہتر ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں ، جس سے مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھا کر صحت مند معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ جامعہ بلوچستان کھیلوں کے میدانوں کو جدید تقاضوں سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ فٹبال گرائو نڈ کو گراسی اور ان ڈور اور آئوٹ ڈور کھیلوں کے مواقع طلبہ کو مہیا کررہی ہے۔ رمضان المبارک میں بھی کھیلوں کے ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے۔ تاکہ ملکی سطح پر جامعہ کے طلبہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے جامعہ اور صوبے کا نام روشن کریں۔ انہوں نے انٹر فیکلٹی ٹورنمنٹ کے انعقاد اور شعبہ اسپورٹس کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقادکیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ انٹر فیکلٹی ٹورنامنٹ کے تحت فٹبال ، ٹینس اور دیگر کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، قبل ازیںجامعہ بلوچستان کے انٹر فیکلٹی کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا انعقاد جامعہ بلوچستان میںکیا گیا۔جس کے تحت فٹ بال میچز کا انعقاد جامعہ بلوچستان کے گرائونڈ میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی جامعہ کے وائس چانسلر تھے۔جس میں ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر ببرک نیاز، اساتذہ اور مختلف ٹیموں کے کھلاڑی اور طلباو طالبات نے شرکت کی۔ جامعہ کے مختلف شعبہ جات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا ۔ فٹبال کےفائنل میچ میں جامعہ کے فیکلٹی آف ایجوکیشن اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے مابین کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جامعہ کے فیکلٹی آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نے تین گول سے برتری حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔