کوئٹہ میں پہلا روزہ 13 گھنٹہ54منٹ پر محیط ہوگا

03 اپریل ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)رمضان المبارک کا چاندنظر آگیا ،ملک بھر کی طرح آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پہلا روزہ ہے،کوئٹہ میں پہلےروزے کادورانیہ13 گھنٹہ54منٹ ہوگا، جبکہ صوبے میں روزے کا سب سے کم دورانیہ ژوب اورسب سے طویل دورانیہ نوکنڈی میں ہوگا ،محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک میں موسم بہتراور بارشوں کابھی امکان ہے،رمضان المبارک کی فضیلت کے حوالے سے صوبائی خطیب مولانا انوار الحق حقانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماہ صیام عظیم مقدس مہینہ ہےیہ مہینہ اللہ تعالی کی رحمت و مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جنہیں اس مبارک مہینے میں روزہ عبادت کے ذریعے اللہ کو راضی کرنے کی توفیق حاصل ہو گی ،اس مہینے میںجنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں سرکش شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہی وہ مقدس مہینہ ہے جس میں اللہ تعالی نے اپنی آخری کتاب قرآن حکیم نازل فرمائی، صوبائی خطیب مولانا انوار الحق حقانی نے کہا کہ رمضان المبارک کی ایک فضیلت یہ بھی ہے کہ اس ماہ کے آخری عشرے میں ایک رات ایسی ہے کہ جو ہزار مہینوں سے بھی افضل ہے جس کا نام شب قدر ہےانہوں نے کہا کہ اہل اسلام اس ماہ عبادات ،نماز اور تراویح کا خصوصی اہتمام کریں اور عالم انسانیت کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔