اسرائیل نے عرب وزرائے خارجہ کورام اللہ جانےسے روک دیا

01 جون ، 2025

مقبوضہ بیت المقدس (نیوزڈیسک) اسرائیل نے سعودی عرب سمیت عرب وزرائے خارجہ کو مقبوضہ فلسطین کے علاقے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ جانے سے روک دیا۔اسرائیل کے ایک حکومتی اہلکار کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے ریاست قائم کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیںکیا جاسکتا۔تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا رپورٹس میںبتایاگیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں عرب ممالک کا وفد آج( اتوار) مغربی کنارے کا دورہ کرنے کاارادہ رکھتا تھا وفد میں متحدہ عرب، ترکیہ، اردن، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے سعودی عرب سمیت عرب وزرائے خارجہ کو رام اللہ جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، ایک اہلکار نے اسرائیلی اخبار کو بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی عرب وزرا ئےخارجہ کی رام اللہ میں میزبانی کی خواہش رکھتی ہےتاکہ فلسطینی ریاست قائم کی جائے اور ان کوششوں کوبرداشت نہیں کیاجاسکتا۔رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل فرحان رام اللہ کا دورہ کریں گے اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کرینگے۔سعودی وزیر خارجہ کے دورے کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیر نے مغربی کنارے کو یہودی ریاست بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔