پی آئی اے کے ملازمین ایئرلائن کی نجکاری کیلئے بولی کی دوڑ میں شامل

17 جون ، 2025

اسلام آباد (اسرار خان) نجکاری کمیشن کے حکام نے پیر کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ملازمین نے قومی پرچم بردار کو خریدنے کی مشترکہ پیشکش جمع کرائی ہے، جو 19 جون کی آخری تاریخ سے پہلے بولی دہندگان کی بڑھتی ہوئی فہرست میں شامل ہو گئی ہے۔ یہ بولی مشترکہ طور پر سی بی اے سے منسلک پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان اور پی آئی اے سینئر سٹاف ایسوسی ایشن (سیسا) کے سربراہ عقیل صدیقی نے جمع کرائی۔ ملازمین کا موقف ہے کہ انہیں ایئر لائن خریدنے کا پہلا حق دیا جانا چاہیے، کیونکہ وفاقی حکومت اسے نجی بنانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ پہلے ایک کوشش ناکام رہی تھی۔ ملازمین کی بولی کے علاوہ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے بھی پی آئی اے کو خریدنے کی پیشکش جمع کرائی ہے، جیسا کہ معاملے سے واقف حکام نے بتایا ہے۔