انصار عباسی
اسلام آباد :سابق وزیراعظم اور نون لیگ کے قائد میاں نواز شریف موجودہ سیاسی انتظام، جسے عموماً ’’ہائبرڈ سسٹم‘‘ کہا جاتا ہے، سے مکمل طور پر مطمئن ہیں اور قومی امور میں عسکری قیادت کے کردار پر انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ نون لیگ کے ذرائع کے مطابق، اگرچہ نواز شریف میڈیا اور براہ راست سیاسی سرگرمیوں سے کافی حد تک دور ہیں، لیکن وہ شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت اور اپنی بیٹی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبائی حکومت کے مضبوط حامی ہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر ذریعے نے بتایا ہے کہ نواز شریف کو موجودہ نظام سے کوئی مسئلہ نہیں، درحقیقت وہ اس نظام کی حدود کو سمجھتے ہیں اور اس کے کام کرنے کے انداز کو بغیر کوئی شکایت قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں کہ نواز شریف سرکاری معاملات میں بااثر قوتوں کے اثر و رسوخ پر ناخوش ہیں۔ ذاتی وجوہات کی بنا پر وہ ماضی کے برعکس سیاسی طور پر کم سرگرم نظر آتے ہیں لیکن وقتاً فوقتاً وہ پنجاب حکومت کے سرکاری اجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں اور اپنی رہائش گاہ پر بعض غیر ملکی معززین اور سفارتکاروں سے ملاقاتیں کرتے ہیں، جن میں مریم نواز بھی اکثر ان کے ہمراہ ہوتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، وہ مریم نواز کو اپنی قیادت مضبوط بنانے کیلئے سیاسی مشورے بھی دیتے رہتے ہیں۔ شہباز شریف اور مریم نواز دونوں کی کارکردگی سے نون لیگ کے قائد خوش ہیں اور وفاقی حکومت کے روزمرہ معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔ ایک پارٹی عہدیدار نے بتایا کہ وہ شہباز شریف پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور ان کی حکمرانی سے مطمئن ہیں۔ 2024ء کے عام انتخابات میں اگرچہ نون لیگ کی انتخابی مہم کا نعرہ نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنانے پر مرکوز تھا، لیکن ایک ذریعے کے مطابق نواز شریف نے اپنے قریبی ساتھیوں کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ ان کا وزیراعظم بننے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ یہ موقع شہباز شریف کو دینا چاہتے ہیں۔ اگرچہ نواز شریف نے شہباز شریف کے ساتھ وفاقی سطح پر کسی سرکاری اجلاس میں شرکت نہیں کی، لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ وزیراعظم اہم قومی امور پر وقتاً فوقتاً اپنے بڑے بھائی سے مشاورت کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کرنے میں نواز شریف نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ بھارت کیخلاف ایک بڑی فوجی کامیابی کے بعد جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جس کا نواز شریف نے خیرمقدم کیا۔ اگرچہ نواز شریف کی ’’مایوسی‘‘ کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں، لیکن ذریعے نے زور دے کر کہا کہ نواز شریف اپنی پارٹی کی موجودہ حکمت عملی اور قیادت سے ہم آہنگ ہیں اور ہائبرڈ طرز حکمرانی کے سول اور عسکری پہلوئوں پر انہیں مکمل اعتماد ہے۔
مزید خبریں
-
اسلام آباد ایک سے زائد سنگل فیز میٹرلگا کر بجلی بلوں میں سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کی مشکلات میں اضا فہ ،...
-
اسلام آباد پاکستان اور دورہ کرنے والے آئی ایم ایف کے مشن کے درمیان مجموعی معاشی فریم ورک پر وسیع پیمانے پر...
-
اسلام آ باد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت تیز رفتار معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پر عمل...
-
اسلام آ باد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی...
-
اسلام آ باد وفاقی حکومت نےکفایت شعاری اقدامات کے تحت دکانیں بند کرنے کے اوقات میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ...
-
اسلام آ باد وزیرِ اعظم شہباز شریف سے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پیر کے روز ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آفس سے...
-
اسلام آباد ٹرمپ کی ایران کو دھمکی سے عالمی منڈیاں لرز اٹھیں، تیل 111 ڈالر سے متجاوز، اسٹاک مارکیٹ کریش،...
-
اسلام آ باد وفاقی بیو رو کریسی میں تقرر وتبا د لے ،وفاقی سیکر ٹری وزارت آبی وسائل اور پا کستان ایڈ منسٹریٹو...