فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات کیسے ارینج کی گئی

20 جون ، 2025

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) وائٹ ہائوس میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ظہرانے کی ملاقات اور بعدازاں اوول آفس کا دورہ، وقت، اہمیت اور شدت کے لحاظ سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تہلکہ خیز قرار دیا جا رہا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی یہ ملاقات ایک گھنٹے کی طے تھی مگر دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ اسے ایک غیر معمولی اور تاریخی واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔ اس ملاقات کے انتظام کیلئے کئی افراد نے پسِ پردہ اہم کردار ادا کیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانا تھا۔ یہ ملاقات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر اور پاکستان کی اندرونی سیاست، بالخصوص تحریک انصاف کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔ اس نمائندے نے اس ملاقات کے انتظامات سے واقف تین معتبر ذرائع سے گفتگو کی۔