ٹیکس فراڈ کے مخصوص کیسز پر ہی گرفتار ی ہوگی ، وزیر مملکت خزانہ

21 جون ، 2025

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) قومی اسمبلی میں جمعہ کو ساتو یں روز بھی آئندہ ما لی سال کے بجٹ پر بحث جا ری رہی۔سپیکر ایاز صادق نے اجلاس کی صدارت کی ۔وزیر مملکت خزانہ اور وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس کے معاملات میں انکوائری سٹیج پر گرفتاری نہیں ہوگی، ٹیکس فراڈ کے مخصوص کیسز پر ہی گرفتار ی ہوگی، گرفتاری سے قبل ایف بی آر کمیٹی سے اجازت لینا ضروری ہو گا۔ وزیراعظم نے کاروباری برادری کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیلز ٹیکس سے متعلق چند مقدمات میں گرفتاری سے متعلق شقوں میں فاروق ایچ نائیک اور قائمہ کمیٹی کی سفارشات پر تبدیلیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 کروڑ سے کم کے سیلز ٹیکس فراڈ پر گرفتاری عمل میں نہیں لائی جائے گی۔ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے گرفتاری سے قبل ایف بی آر کی تین رکنی کمیٹی سے اجازت لینا ضروری ہو گا۔