نیتن یاہو کی ٹرمپ و امریکی عوام کو جنگ میں شامل کرنیکی سرتوڑکوشش

21 جون ، 2025

مقبوضہ بیت المقدس(اے ایف پی) اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو ایران پر فضائی حملوں کے بعدامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو اس تنازع میں شامل کرنے کی سرتوڑکوشش کر رہے ہیں۔ وہ میڈیا بیانات میں دعویٰ کر رہے ہیں کہ ایران مستقبل میں جوہری ہتھیار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کر کے امریکا تک خطرہ پہنچا سکتا ہے۔فاکس نیوز اور اے بی سی پر دیے گئے انٹرویوز میں نیتن یاہو نے کہا کہ آج تل ابیب، کل نیویارک ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی امریکی مفاد میں ہے۔نیویارک ٹائمز کے مطابق نیتن یاہو نے اپریل میں ٹرمپ سے ایران کے زیرِ زمین جوہری ٹھکانوں پر حملے کے لیےبَنکر بسٹنگ بم مانگے تھے لیکن انہیں انکار کر دیا گیا۔ٹرمپ کی میک امریکہ گریٹ آگین (MAGA)ٹیم میں بہت سے افراد بشمول نائب صدر جے ڈی وینس اور ٹلسی گیبرڈغیر ملکی مداخلت کے خلاف ہیں۔ اس کے باوجود ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ وہ اسرائیل کی مہم میں شمولیت پر غور کر رہے ہیں اور اگلے دو ہفتوں میں فیصلہ کریں گے۔