مشکل حالات میں متوازن بجٹ دیا ، تمام شراکت داروں کی سفارشات شامل ہیں ، وزیر خزانہ

24 جون ، 2025

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل حالات میں متوازن بجٹ پیش کیا ہے، تمام شراکت داروں کی تجاویز اور سفارشات بجٹ کا حصہ ہیں‘ صنعتی پالیسی تیارہے اور اس کا اعلان جلد ہو گا جبکہ الیکٹرانک گاڑیوں کیلئے پالیسی کااعلان بھی جلد کیا جائے گا‘12لاکھ تک کی آمدنی پر ٹیکس کی شرح ایک فیصد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیکس کی تعمیل اور بنیاد میں وسعت پر توجہ دی جا رہی ہے، سولر پینلز پر ٹیکس کی شرح 10 فیصد ہو گی، روئی اور دھاگے کی درآمد پر سیلز ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ ختم کر دی جائے گی، 75 سال سے زائد عمر والے پنشنرز کسی بھی قسم کے ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پرعام بحث کو سمیٹتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ ٹیرف کو معقول بنانا اہمیت کاحامل ہے،درآمدی خام مال اور ٹیرف لائنزمیں سہولت سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ صنعتوں کو فروغ دینے اور اصلاحات کے عمل کوآگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی ۔ توانائی سمیت اہم شعبوں میں اصلاحات کاعمل جاری رہے گا۔اگلے مالی سال میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے خواتین کو تقریباً 14 ارب روپے کے مزید قرضے فراہم کئے جائیں گے۔جو لوگ سالانہ ایک کروڑ سے زائد پنشن وصول کرتے ہیں صرف انہی پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔