کئی ملکوں کی فضائی حدود بند، پروازیں متاثر،پاکستان کا فلائٹ آپریشن بھی ٹھپ

24 جون ، 2025

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) دوحا میں ایئر بیس پر ایرانی حملہ کے بعد کئی ملکوں کی فضائی حدود بند، خلیج کی سینکڑوں پروازیں متاثر، دوحہ، دبئی، ابوظہبیبحرین، کویت، سعودی عرب کی سینکڑوں پروازیں مختلف ایئرپورٹس پر اتاری گئیں، رات گئے تک 2 ہزار پروازوں کی آمد روانگی غیر یقینی صورتحال کا شکار تھی، پاکستان کا فلائٹ اپریشن بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا، 15 پروازیں واپس موڑی گئیں، درجنوں روانہ نہ ہو سکیں۔ تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے دوحا میں امریکی ایئر بیس پر میزائل حملے کے باعث پورے خطے کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ قطر کے بعد بحریں اور کویت نے بھی فضائی حدود بند کر دی جبکہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے امارات اور سعودی عرب کی جانب سے فضائی حدود بند کرنے کا کوئی اعلان کئے جانے کے باوجود فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا۔