اسحٰق ڈار پاکستان یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے امارات پہنچ گئے

24 جون ، 2025

اسلام آباد(فاروق اقدس)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار پیر کو متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں، جہاں وہ ابوظہبی میں منعقد ہونے والے پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے بارہویں اجلاس میں شرکت کرینگے۔یہ اجلاس 12 سال سے زائد کے وقفے کے بعد کچھ تاخیر سے منعقد ہو رہا ہے، جبکہ اس کا انعقاد اکتوبر 2024 میں ہونا طے تھا، اس سے قبل آخری اجلاس 6 تا 7 نومبر 2013 کو اسلام آباد میں ہوا تھا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت اسحٰق ڈار کریں گے، جبکہ اجلاس آج 24 جون کو منعقد ہوگا، مشترکہ وزارتی کمیشن پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعاون کا اعلیٰ ترین ادارہ جاتی پلیٹ فارم ہے، وفد میں اہم وزارتوں جیسے اقتصادی امور، تجارت، توانائی، میری ٹائم افیئرز اور داخلہ کے سیکرٹریز اور سینئر حکام شامل ہوں گے۔