کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے کہا ہے کہ بجٹ اسمبلی کی مشاورت سے نہیں بنایا گیا ، ایک ہزار ارب سے زائد کے بجٹ میں کوئی میگا پراجیکٹ نہیں ، حکومت بجٹ میں فنڈز میں منصفانہ تقسیم یقینی بنائے بلوچستان میں کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے اس پر قابو نہ پایا گیا تو ایک ہزار ارب روپے کا بجٹ بھی ضائع ہوجائے گا جبکہ حکومتی ارکان نے کہا ہے کہ ایک ہزار ارب سے زائد کا بجٹ صوبے کی پسماندگی دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔ بجٹ میں وزیراعلیٰ نے اپوزیشن سمیت سب کو آن بورڈ لیا ، اپوزیشن کے حلقوں کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں ،حکومتوں کی پہلی ترجیح عوام کی خدمت ہے عوام کی معیاری زندگی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ، یہ پہلی حکومت ہے جس کے بجٹ پیش کرتے وقت اسمبلی کے اندر اور باہر کوئی احتجاج نہیں ہوا،بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی صدرارت میں آدھے گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا ۔نیشنل پارٹی کے رکن سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ہے ایسے میں پاکستان کو اپنے ایرانی بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس جنگ میں کودنے کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جہالت اورغربت سب سے بڑے مسائل ہیں ، تربت میں ایک کلو مرغی ایک ہزار روپے میں فروخت ہورہی ہے ۔ بلوچستان میں کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے کرپشن پر قابو نہ پایا گیا تو ایک ہزار ارب روپے کا بجٹ کھڈے میں جائے گا ۔ لاپتہ افراد کا مسئلہ سب سے بڑا مسئلہ ہے ریاست اپنا دل بڑا کرے اور تمام سیاسی رہنماؤں کو رہا کرئے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے کوئٹہ کراچی اور ژوب شاہراہ کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے علاوہ کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا ، ساؤتھ بلوچستان کے منصوبے پی ایس ڈی پی سے نکال دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے تجویز دی کہ ڈگری کالج پسنی کو مبارک قاضی کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے ملازمین کے مطالبات فوری زیرغور لاکر ان عمل کیا جائے ۔ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا کہ ایک ہزار ارب سے زائد کا بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ وزراء کو مبارکبادپیش کرتے ہیں ، بجٹ صوبے کی پسماندگی دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس کے بجٹ پیش کرتے وقت اسمبلی کے اندر اور باہر کوئی احتجاج نہیں ہوا ، بجٹ میں ہر حلقے ہر شعبے کیلئے ترجیح بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ، صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ بجٹ میں اپوزیشن کے حلقوں کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں ، اس اسمبلی میں پورے صوبے کی نمائندگی موجود ہے ، اپوزیشن کی تنقید برائے تعمیر درست اقدام ہے اس سے نہ صرف حکومت کی اصلاح ہوگی بلکہ آنیوالے دنوں میں مزید ترقی آئیگی ۔ رکن اسمبلی اصغر رند نے کہا کہ صوبائی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا، تاہم میرے حلقے میں کسی اسکول کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی کالجز کے لئے فنڈز دئیے گئے ہیں ، میرے حلقے میں دو سال سے منصوبے مکمل نہیں ہوئے ہیں اگرحکومت میں نہ ہوتے تو شائد پریس کانفرنس کرتے ۔ صوبائی وزیرراحیلہ درانی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بہت متوازن بجٹ پیش کیا ہے وزیراعلیٰ نے اپوزیشن سمیت سب کو آن بورڈ لیا بلوچستان کی تاریخ میں تعلیم کو سب سے زیادہ بجٹ دیاگیا ہے۔ جمعیت علما اسلام کے رکن فضل قادر مندوخیل نے کہا کہ ایک ہزارارب کے بجٹ میں کوئی میگا پراجیکٹ نہیں ، ہمیں سب سے زیادہ توجہ صحت کے شعبے پر دینی ہوگی ، ژوب کے 50 فیصد اسکول شلٹرلیس ہیں ، حکومت کو صحت کے شعبے پر توجہ دینی چاہیے ۔ رکن اسمبلی مولوی نور اللہ نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود انہیں بجٹ پر تحفظات ہیں ، بجٹ میں گیارہ پشتون اضلاع کیلئے صرف 37 ارب روپے رکھے گئے ہیں جس سے ان اضلاع کے لوگوں کے احساس محرومی میں اضافہ ہوگا ۔ ۔ صوبائی وزیر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ بجٹ میں تمام محکموں کو یکساں فنڈز دئیے گئے ہیں تاہم لائیواسٹاک کے فنڈز میں اضافہ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ میرے حلقے میں پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے وہاں تالاب تعمیر کئے جائیں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈھاڈرسے کوئٹہ شاہراہ کو دورویہ کرنے کیلئے منصوبے کووفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرائیں،جمعیت علما اسلام کی رکن شاہدہ رؤف نے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کونوبل پرائز کے لئے نامزد کرنے کافیصلہ واپس لے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی زرین مگسی نے کہا کہ صوبے میں ہر شعبے میں ڈویلپمنٹ انفارمیشن منیجمنٹ کا نظام رائج کیا جائے ، ڈپٹی اسپیکرغزالہ گولہ نے کہاکہ بجٹ میں اپوزیشن کا کرداربھی مثالی رہاانہوں نے کہا کہ بجٹ میں آن گوئنگ منصوبوں کی ایلوکیشن مکمل کرکے فنڈز دیے جائیں ۔ نیشنل پارٹی کے رکن ام کلثوم نے کہا کہ بجٹ کو اسمبلی کی مشاورت سے نہیں بنایا گیا صوبے میں لوگ اعلیٰ معیار تعلیم سے محروم ہیں یہاں معیاری تعلیم کا فقدان ہے اور نوجوان بیروزگارہیں ۔جمعیت علما اسلام کے ظفر آغا نے کہا کہ صحت اور تعلیم اہم ہیں ، بہت سے سکول بند پڑے ہیں ان پر مزید توجہ دی جائے ، بجٹ میں تعلیم کے شعبے کےلئے زیادہ رقم رکھی جانی چاہیے تھے ، شٹل ٹرین کچلاک کی بجائے یارو سے کوئٹہ تک چلائی جائے ، چیک ڈیم بناکر پانی ذخیرہ کیا جائے ۔پارلیمانی سیکرٹری مجید بادینی نے کہا کہ زمیندار تباہ ہوچکے ہیں ان کو ریلیف دیا جائے ۔جمعیت علما اسلام کے زابد ریکی نے کہا کہ ماضی کے ہر بجٹ میں واشک کو نظر انداز کیا گیا ، مگر اس بجٹ میں واشک کو اہمیت دی گئی ہے ، بلوچستان کے ہر ضلع میں ترقی چاہتے ہیں ۔پارلیمانی سیکرٹری مینا مجید نے کہا کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے ، بجٹ میں عوام دوست منصوبے شامل کیے گئے ہیں ۔ بی این پی عوامی کے رکن اسمبلی میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کو حکمت عملی سے کام لینا ہوگا،صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ بجٹ ٹیکس ادا کرنے والوں کے پیسے سے بنتا ہے ، جسے گورنمٹ استعمال کرتی ہے وزیراعلی نے بجٹ بنانے کے لئے ایک کمیٹی بنائی تھی جس نے فیصلہ کیا تھا کہ کہاں کس چیز کی ضرورت ہے ، بجٹ تمام محکموں کی مشاورت سے بنتا ہے اور بجٹ اسمبلی میں ہی بنتا ہے۔
ا سلام آباد پاکستان میں فائیو جی نیٹ ورک کی تیاریوں نے غیر معمولی رفتار اختیار کر لی ہے۔ پاکستان ٹیلی...
پشاورماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی آبی جارحیت سے مہاجر پرندوں اور آبی حیات کو شدید خطرہ ہے، ان کا کہنا...
مقبوضہ بیت المقدس مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک گاؤں میں اسرائیلی آبادکاروں نے رات کی تاریکی میں ایک مسجد کو...
راولپنڈی پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نےافواجِ پاکستان کیخلاف بیان پر مولانا فضل الرحمٰن سے معافی کا...
اسلام آباد مشرق وسطیٰ کشیدگی کےباعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تاریخی اضافے نےپاکستان کی پیٹرولیم...
اسلام آباد سیہالہ- اٹک ریفائنری پائپ لائن سے تیل چوری کی بڑی کوشش ناکام، رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں...
اسلام آباد پاکستان کے لیے اطالوی تعلیمی گرانٹ؛ یونیسکو300ملین روپے کا فنڈ مقررہ مدت میں خرچ نہ کر سکا،...
اسلام آباد وزیر اعظم شہباز شریف، ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی، چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر...